Maktaba Wahhabi

671 - 933
قاری مثل مسافر علماء نے قاری کو مثل مسافر کے کہا ہے کہ جیسے مسافر ہر ہر منزل پر نہیں ٹھہرتا، کیونکہ ہر ہر منزل پر ٹھہرنا فعل عبث اور منزل مقصود پر پہنچنے میں تاخیر کا سبب ہے،البتہ مسافر اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کہیں نہ کہیں ضرور رُکتا ہے بالخصوص جب سفر دور کا اور لمبا ہو۔ اسی طرح قاری کو بھی ہرہر موقف پرنہ ٹھہرنا چاہیے بلکہ جہاں ضرورت ہو وہاں ٹھہرنا چاہیے۔ اور جیسے مسافر کو اس جگہ رُکنا چاہئے جہاں اس کی ضروریات اُسے میسر ہوسکیں ورنہ رُکنا باعث تاخیر ہوگا اور حرج لازم ہوگا اور منزل سے پہلے یابعد میں رُکنے سے ضروریات پوری نہیں ہوتیں ۔ اسی طرح قاری کو بھی اس جگہ رُکنا چاہیے جہاں کلام پورا ہو رہا ہو۔ کلام پورا ہونے سے پہلے رُکنا یاکلام پورا ہونے کے کچھ بعد رُکنا تحسین کے خلاف ہے۔ اور جس طرح مسافر صحیح منزل پر رُکے اور اُسے ضروریات میسر ہوجائیں تو وہ اگلی منزل کی جانب گامزن رہتا ہے اُسے پیچھے نہیں آنا پڑتا اسی طرح قاری صحیح مقام پر وقف کرلے تو اُسے بھی آگے پڑھنا ہوتا ہے یعنی ابتداء کرناہوتی ہے ، پیچھے سے پڑھنے کی ضرورت نہیں ہوتی یعنی اِعادہ نہیں کرناپڑتا۔ اور اگر مسافر اُس منزل سے گذر جائے جہاں ضروریات میسر ہوتی ہیں تو بعد میں ضرورت کے وقت اُسے پیچھے آناپڑتا ہے،کیونکہ وہ اگلی منزل تک اپنی ضروریات کو پورانہیں کرسکتا ،اسی طرح قاری بھی اگر کلام تام کو چھوڑ کر آگے پڑھے اور اگلے موقف تک اس کاسانس نہ پہنچ سکے تو اُسے بھی درمیان کلام میں وقف کرکے پھر پیچھے سے پڑھنے یعنی اِعادہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور جیسے مسافر کے سفر میں ایسے مقامات آتے ہیں کہ وہاں رُکنا خطرے کاباعث ہوتاہے اور بعض اَوقات جان چلی جاتی ہے ایسے ہی قاری کی تلاوت میں ایسے مقامات بھی آتے ہیں کہ اگر وہاں وقف کردے تو ایہام معنی غیر مراد لازم آتا ہے اور اگر خود قاری عمداً اس غلط وقف سے پیدا ہونے والے معنی کا عقیدہ رکھے یاکوئی سامع اس کاعقیدہ رکھے تو ایمان کے چلے جانے کاخطرہ ہوتاہے یا سرے سے ایمان ہی چلاجاتا ہے۔ ملحقات قراءات جب یہ بات یقینی ہے کہ قاری کو دورانِ تلاوت کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی ضرورت کی وجہ سے وقف کرنا ہی پڑتا ہے تو وقف کی پہچان اس کے لیے از حد ضروری ہوئی۔وقف واقع ہونے کی چارحالتیں ہیں : ۱۔ وقف ۲۔ سکتہ ۳۔ سکوت ۴۔ قطع پھر ان کے ساتھ ابتداء، اعادہ اور وصل کی معرفت کو بھی ملا دیاجائے تو وقف کی معرفت کامل ہوجاتی ہے انہیں سات کو قراء کرام ملحقات قراءات کہتے ہیں ۔ وقف و ابتداء وقف کرنے کے بعد ابتداء ہوتی ہے یا اِعادہ۔لہٰذا ہر مجود وقاری کو ان تین کاجاننا ضروری ہے۔ وقف میں کیفیت
Flag Counter