Maktaba Wahhabi

83 - 112
عبداللہ ابن ابی کے بارے میں جو آیت اتری اور بخاری میں مذکور ہے ،مصنف اس کا رخ آیت کی ابتداء سے ہٹا کر آیت کے آخری حصہ پر لے گیا تاکہ زبردستی مذکورہ حدیث کو قرآن سے ٹکراکر اپنی حدیث دشمنی کا ثبوت دے۔ صحابہ رضی اللہ عنہم کا کہنا کہ یہ آیت عبداللہ بن ابی ابن سلول کے بارے میں نازل ہوئی۔ انکا مقصد اس آیت کا تھا ’’کہ( مسلمانوں) تمہیں کیا ہوگیا ہے کہ تم منافقوں کے بارے میں دو گروہ ہورہے ہو ‘‘ یعنی یہ آیت منافق عبداللہ بن ابی بن سلول کے بارے میں نازل ہوئی۔ مصنف نے اس کا رخ موڑ کر ’’ حَتّٰیَ یُہَاجِرُواْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہ‘‘کی طرف کر دیا۔ اور اعتراض کرتا ہے کہ ہجرت تو وہ کریں گے جو مدینہ کے باہر کے لوگ ہونگے عبداللہ بن ابی تو مدینہ کا ہی رہائشی تھا لہٰذا اس کا ہجرت کرنا محل نظر ہے۔ اس کا جواب بھی کئی طریقوں سے دیا جاسکتا ہے لیکن مختصرا ً کہتا چلوں کہ جیسے میں نے پیچھے بھی وضاحت کی ہے کہ پہلی آیت کا حصہ کہ مسلمان دو گروہوں میں تقسیم ہوگئے تھے اس کاشان نزول اور دوسری آیت ’’حَتَّیَ یُہَاجِرُواْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ ‘‘کا شان نزول مختلف ہیں۔ آیت نمبر 88کے شان نزول کی تفصیل یہ ہے۔ ’’زید بن ثابت رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم احد کی طرف نکلے تو کچھ لوگ (منافق ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو چھوڑ کر مدینہ واپس آگئے۔ ان واپس ہونے والوں کے بارے میں صحابہ رضی اللہ عنہم کے دوگروہ ہوگئے۔ایک کہتا تھا کہ ہم ان سے بھی لڑائی کرینگے۔ اور دوسرا کہتا تھا۔ ہم ان سے لڑائی نہیں کرینگے اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔‘‘ (صحیح بخاری کتاب التفسیر باب فمالکم فی المنافقین۔ ۔۔۔۔الخ رقم الحدیث 4589) آیت نمبر89۔’’حَتَّیَ یُہَاجِرُواْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ‘‘کے شان نزول پر بھی غور کرنا ضروری سمجھتا ہوں یہاں اس بات کی وضاحت ضروری معلوم ہوتی ہے کہ منافقوں میں کچھ لوگ ایسے بھی تھے جو مدینہ کے ارد گرد آباد قبائل سے تعلق رکھتے تھے۔ یہ لوگ مسلمانوں سے خیر خواہی اور محبت کا اظہار ضرور کرتے تھے مگر عملی طور پر اپنے ہم وطن کافروں کا ساتھ دیتے تھے یا دینے پر مجبور تھے۔ ان کے لئے معیار یہ مقرر کیا گیا اگر وہ ہجرت کرکے تمہارے پاس مدینہ آجائیں اور تمہارے ساتھ شامل ہوجائیں تو اس صورت میں تم انہیں سچا بھی سمجھو اور اپنا ہمدرد بھی۔ اگر وہ اسلام کے خاطر اپنا گھر بار چھوڑنے کی قربانی دینے پر تیار نہیں تو تم ان پر ہر گز اعتماد نہ کرو اورانہیں اپنا دوست مت بناؤ۔
Flag Counter