Maktaba Wahhabi

71 - 222
صحیح تفسیر یہی ہے کہ یہ آیت کافر اور والدین کے نافرمان کے بارے میں اتری ہے۔ امام مجاہد رحمہ اللہ نے کہا ہے: یہ آیت عبد الرحمن بن ابوبکر رضی اللہ عنہما کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔ امام حسن بصری رحمہ اللہ سے مروی ہے کہ یہ آیت کفار قریش کی ایک جماعت کے بارے میں نازل ہوئی ہے، انھوں نے اپنے اپنے والدین سے یہ کلمہ کہا تھا۔[1] امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے کہا ہے، آیت: ﴿ وَالَّذِي قَالَ لِوَالِدَيْهِ أُفٍّ لَكُمَا﴾ ’’جس نے اپنے والدین سے کہا: تمھارے لیے ’’اف‘‘ افسوس ہے۔‘‘ عام ہے۔ یہ ہر اس شخص کو شامل ہے جس نے اپنے ماں باپ سے یہ کہا۔ نیز فرمایا: جس نے یہ گمان کیا کہ یہ آیت عبدالرحمن بن ابو بکر رضی اللہ عنہما کے بارے میں نازل ہوئی ہے، اس کا قول ضعیف ہے۔ اس لیے کہ عبد الرحمن بن ابوبکر رضی اللہ عنہما اس آیت کے نازل ہونے کے بعد مسلمان ہوگئے تھے اور بہت اچھے مسلمان ثابت ہوئے تھے۔ اور وہ اپنے وقت کے بہترین افراد میں سے تھے۔ امام ابن کثیر رحمہ اللہ مزید فرماتے ہیں: عوفی نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی ہے کہ یہ آیت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے بیٹے کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔ لیکن عوفی کی روایت کی صحت محل نظر ہے۔ ابن جریر رحمہ اللہ نے مجاہد سے نقل کیا ہے کہ یہ آیت عبد اللہ بن ابوبکر کے بارے میں ہے۔ جبکہ ابن جریج نے کہا ہے کہ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے مراد عبد الرحمن بن ابوبکر رضی اللہ عنہما ہیں۔[2] واللّٰہ أعلم۔
Flag Counter