Maktaba Wahhabi

27 - 222
جابر: وہ اللہ کون ہے جس نے انھیں مبعوث کیا ہے؟ والد: بیٹا! وہی اللہ تعالیٰ جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا فرمایا، جو روشن دن لاتا ہے تو ہم کھیتوں میں جاتے ہیں اور جو رات کا اندھیرا لاتا ہے تو ہم اپنے گھروں کو لوٹ آتے ہیں۔ جابر: پیارے اباجان! آپ جو کہنا چاہتے ہیں، میں اسے اچھی طرح سمجھ نہیں پایا۔ والد: بیٹا! میں اس کی وضاحت کیے دیتا ہوں۔ بیٹا! اس پانی کو تو دیکھتا ہے جو پہاڑ کی کھوہ سے ہمارے کھیتوں میں آتا ہے، تیرے خیال میں اسے کون بھیجتاہے؟ جابر: ابوجان! مجھے اس کا علم نہیں۔ والد: بیٹا! وہ بیج تو نے دیکھے ہوں گے جنھیں میں نے چند دن پہلے مٹی میں ڈالا تھا، پھر ہم دونوں نے انھیں پانی دیا تھا، پھر مٹی سے نرم و نازک پودے نکل آئے تھے۔ جابر: جی ہاں، ابا جان! والد: یہ پودے کس نے اگائے تھے؟ جابر: اباجان! میں نہیں جانتا۔ والد: بیٹا! کیا تو نے آسمان کو دیکھا ہے جو ستاروں سے بھرا ہوا ہے جن سے چھن چھن کر روشنی آتی ہے اور مسافر راہنمائی حاصل کرتے ہیں، اسی طرح کوچ کرنے والوں کے اوقات کی تعیین بھی کرتے ہیں؟ جابر: اباجان! بات ایسے ہی ہے۔ والد: ان خوبصورت ستاروں کو آسمان پر کس نے سجایا ہے کہ وہ گرتے نہیں اور کس نے انھیں ایسی شاندار ترتیب سے رکھا ہے کہ وہ کبھی ٹکراتے نہیں؟
Flag Counter