Maktaba Wahhabi

32 - 372
خاندانی ہم آہنگی ایک اچھے خاندان کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اپنے تمام فرائض ادا کرے اور اس کے عناصر ترکیبی مکمل ہوں۔خاندانی ہم آہنگی کے معنی ہی یہ ہیں کہ مرد عورت کے تعلقات مستحکم ہوں۔سربراہ خاندان اس طرح کا ہو کہ اس کا ہر فرد،خواہ وہ زرعی معاشرے کا ہو یا صنعتی کا،اس کے فیصلوں کا پابندہو۔معاشرتی استحکام کی بنیاد خاندانی ہم آہنگی ہے۔جس معاشرے کے خاندانی نظام میں عورت و مرد کے تعلقات پر کوئی پابندی نہ ہو،بچے خاندان کا لازمی جز نہ ہوں اور بزرگوں کا احترام نہ ہو،وہ معاشرہ جنسی بے راہ روی اور مجرمانہ تغافل کا شکار،شفقت و رحم سے عاری اور انسانی ہمدردی سے خالی ہوجاتاہے۔علماء معاشرہ کے مطابق خاندانی ہم آہنگی،فرد کے جذباتی تحفظ کا باعث بنتی ہے۔دور حاضر کے معاشرتی انتشار کا سبب یہی خاندانی بدنظمی ہے۔جنسی تعلقات میں غیر ذمہ داری،طلاق کی کثرت،ضبط تولید اور بوڑھوں سے عدم التفات وہ برائیاں ہیں۔جنہوں نے استحکام و سکون کو ختم کردیاہے اور دور حاضر کا انسان اکثرو بیشتر اخلاقی خوبیوں سے عاری دکھائی دیتا ہے۔۱۰۲؎ ایک کنبے اور خاندان کے بنیادی عناصر کو،ایک دوسرے رُ خ سے دیکھا جائے تو ان کو اس طرح سے بیان کیا جاسکتا ہے۔ گھر کے اندر پختہ تعلقات اسلام میں تمام خاندانی تعلقات کی بنیاد خدا پرستی اور تقویٰ ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ’’لوگو،اپنے رب سے ڈرو جس نے تم کو ایک جان سے پیدا کیا اور اسی جان سے اس کا جوڑا بنایا اور ان دونوں سے بہت مرد و عورتیں دنیا میں پھیلا دیئے اور اس اللہ سے ڈرو جس کا واسطہ دے کر تم ایک دوسرے سے اپنے حق مانگتے ہو اور رشتہ و قرابت کے تعلقات کو بگاڑنے سے پرہیز کرو۔یقین جانو کہ اللہ تم پر نگرانی کررہاہے۔‘‘ ۱۰۳؎ خاندان معاشرتی اقدار سے تعلق معاشرہ خاندان کی اہمیت پر جتنا زیادہ زور دے گا،لوگ اتنا ہی زیادہ اپنے خاندانوں کو بنانے اور برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔اگر معاشرہ بذات خود فاسد ہے،جس میں جنسی بے راہ روی بڑی حد تک پھیلی ہوئی ہے تو یہ کہنے کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہتی کہ کوئی شخص بھی اپنے کندھوں پر ایسی کسی ذمہ داری کا بوجھ ڈالنا قبول نہیں کرے گا جس کا تقاضا ایک خاندانی زندگی کرتی ہے۔ مغربی نظریات بمقابلہ اسلامی فکر مغربی سوچ کا تعمیری مکتب فکر،اسلام کے تصور خاندان کے کافی قریب ہے۔اس مکتب فکر کے چند نمائندہ لوگوں کے خاندان کی اہمیت کے متعلق افکار کچھ یوں ہیں۔ ٭ جارج پیٹر مرڈاک(George Peter Murdock)اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ خاندان،فرد اور معاشرہ دونوں کے لیے چار اہم خدمات سرانجام دیتا ہے ان میں سے پہلی یہ ہے کہ خاندان،شادی شدہ جوڑے کو جنسی اطمینان مہیا کرتا ہے اور اسے شادی سے باہر ممنوع اور محدود کردیتا ہے۔ دوسری خدمت یہ ہے کہ پیدائش اولاد سے معاشرے کے افراد میں اضافہ ہوتا ہے۔
Flag Counter