Maktaba Wahhabi

266 - 269
عباس رضی اللہ عنہ جب تک زندہ رہے لوگوں کی نظر میں نہایت محترم رہے۔ابن ابی زیاد رضی اللہ عنہ اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں، وہ بیان کرتے ہیں: عباس رضی اللہ عنہ جب بھی سیدنا عمر اور عثمان رضی اللہ عنہا کے پاس سے گزرتے اگر وہ دونوں سوار ہوتے تو ان کے احترام میں اتر پڑتے حتی کہ عباس رضی اللہ عنہ گزر جاتے تھے۔ وہ کہتے تھے کہ عباس رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا ہی نہیں بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے باپ کی طرح ہیں اس لیے ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔ ہر چیز کا ایک وقت مقررہے، ہر ابتدا کے لیے ایک انتہا ہے، ہر مکشوف کے لیے حجاب ہے اور ہر اجل کے لیے وقت مقرر ہے۔ عباس رضی اللہ عنہ کو موت نے آلیا، وہ اس فانی دنیا کو چھوڑ کر اپنے مالکِ حقیقی سے جا ملے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی وفات بروز جمعہ 12 رجب 32 ہجری میں ہوئی۔ آپ رضی اللہ عنہ کو بقیع میں دفن کیا گیا۔ ان کی عمر 88 برس تھی۔ اللہ تعالیٰ ان پرہمیشہ اپنے فضل و رحمت کی گھٹا برسائے، انھوں نے اسلام اور مسلمانوں کی بھلائی کے لیے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کر دیا۔
Flag Counter