Maktaba Wahhabi

83 - 269
آیات کا سبب نزول ابو عبیدہ بن محمد بن عمار بن یاسر سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: مشرکین نے عمار رضی اللہ عنہ کو پکڑ کر اس وقت تک نہیں چھوڑا جب تک انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں نازیبا کلمات نہیں کہے اور ان کے خداؤں کی تعریف نہیں کی۔ پھر جب وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ’’کیا حالات ہیں وہاں کے؟‘‘ انھوں نے ادب سے جواب دیا: اے اللہ کے رسول! بہت برا ہوا ہے۔ مجھے ظالموں نے اس وقت تک نہیں چھوڑا جب تک میں نے آپ کے بارے میں برا نہیں کہا اور ان کے خداؤں کی تعریف نہیں کی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت فرمایا: ’’تمھارا دل کس بات پر مطمئن ہے؟‘‘ انھوں نے جواب دیا: دل تو ایمان پر مطمئن ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگر وہ دوبارہ اس پر مجبور کریں تو پھر بھی کہہ ڈالنا۔‘‘ اس پر اللہ تعالیٰ نے درج ذیل آیت نازل فرمائی: ﴿ إِلَّا مَنْ أُكْرِهَ وَقَلْبُهُ مُطْمَئِنٌّ بِالْإِيمَانِ﴾ ’’مگر وہ شخص جسے مجبور کر دیا جائے اور اس کا دل ایمان پر مطمئن ہو۔‘‘ [1]
Flag Counter