علامہ ابن قیم رحمہ اللہنے ’’کتاب الصلاۃ‘‘ میں علامہ ابن حزم رحمہ اللہکے حوالے سے چند صحابۂ کرام رضی اللہ عنہماور تابعین و تبع تابعین اور ائمہ دین رحمہم اللہ سے قائلینِ کفر و ارتداد کے نام لیے ہیں،جن میں سے ان مذکورہ حضرات کے علاوہ سعید بن جبیر،عامر شعبی،اوزاعی اور مالکیہ میں سے عبدالملک بن حبیب رحمہم اللہکے نام بھی ہیں اور یہ بھی لکھا ہے کہ امام شافعی رحمہ اللہکے مذہب کے پیروکاروں میں سے بھی بعض اسی کے قائل ہیں،حتیٰ کہ امام طحاوی رحمہ اللہنے تو خود امام شافعی رحمہ اللہ سے بھی تارکِ نماز کے کفر کا قول ہی بیان کیا ہے۔[1] امام شوکانی رحمہ اللہنے ’’نیلالأوطار‘‘ میں حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہکا اسمِ گرامی بھی اسی زمرے میں شمار کیا ہے،جن کے نزدیک تارکِ نماز کافر ہے۔اس مسئلے میں دوسری رائے یہ ہے کہ تارکِ نماز کافر تو نہیں بلکہ وہ فاسق ہے،امام ابو حنیفہ،مالک اور شافعی رحمہم اللہکا یہی مذہب ہے۔[2]یہ اختلافِ رائے بھی اس تارکِ نماز کے بارے میں ہے،جو محض سستی اور بے پروائی کی بنا پر تارک ہو،لیکن دل سے نماز کی فرضیت کا قائل ہو،ہاں اگر کوئی تارکِ نماز اس کی فرضیت کا بھی منکر ہو تو وہ کافر اور ملتِ اسلامیہ سے خارج ہے۔سید سابق نے ’’فقہ السنۃ‘‘ میں اس پر تمام مسلمانوں کا اجماع ذکر کیا ہے۔[3]