حضرت عبداﷲ بن عمر رضی اللہ عنہما سے پوچھا گیا کہ عورتوں پر بھی اذان ہے؟ تو وہ غضب ناک ہوئے اور فرمایا:{أَنَا أَنْھٰی عَنْ ذِکْرِ اللّٰہِ}’’میں ذکرِ الٰہی سے روکوں؟‘‘یعنی میں اذان کہنے سے انھیں کیوں روکوں۔امام احمد رحمہ اللہنے اسی اثر سے احتجاج کیا ہے۔[1] اس معاملے میں امام شافعی اور اسحاق رحمہ اللہبھی امام احمد رحمہ اللہکے ہمنوا ہیں کہ عورت کے اذان کہہ لینے میں کوئی حرج نہیں،جیسا کہ شروع میں ذکر ہوا ہے اور اس کی ایک دلیل ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاکے فعل سے بھی ہوتی ہے۔چنانچہ مستدرک حاکم اور انھی کے طریق سے سنن کبریٰ بیہقی،مصنف عبدالرزاق و ابن ابی شیبہ میں مروی ہے:’’إِنَّھَا کَانَتْ تُؤَذِّنُ وَتُقِیْمُ وَتُؤَمُّ النِّسَائَ وَتَقِفُ وَسْطَھُنَّ‘‘[2]’’حضرت عائشہ رضی اللہ عنہااذان کہا کرتی تھیں اور اقامت کہتیں اور عورتوں کو جماعت کراتی تھیں اور ان کے وسط میں(صف کے اندر)کھڑے ہوتی تھیں۔‘‘عورتوں کی امامت کرانے کے الفاظ مصنف ابن ابی شیبہ(2/89)میں ابن ابی لیلیٰ کے طریق سے مروی اثر میں بھی موجود ہیں۔لہٰذا اس اضافے کی متابعت ہوگئی اور یہ دونوں اثر ایک دوسرے کے لیے باعثِ تقویت ہیں۔حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاکے اس اثر کے کئی دیگر طُرق بھی ہیں۔مثلاً ایک طریق رائطہ حنفیہ سے سنن بیہقی،دارقطنی اور مصنف عبدالرزاق میں مروی ہے۔جس میں وہ بیان کرتی ہیں:’’إِنَّ عَائِشَۃَ أَمَّتْ نِسْوَۃً فِيْ الْمَکْتُوْبَۃِ فَأَمَّتْھُنَّ بَیْنَھُنَّ وَسَطًا‘‘[3]’’حضرت عائشہ رضی اللہ عنہانے عورتوں کی فرض نماز میں امامت کرائی اور ان کے وسط میں(صف کے اندر)کھڑی ہوئیں۔‘‘اس کی سند کو امام نووی رحمہ اللہنے ’’المجموع‘‘(4/199)میں صحیح کہا ہے اور ’’نصب الرایۃ‘‘(2/31)میں علامہ زیلعی رحمہ اللہنے ان کی تصحیح کو برقرار رکھا ہے۔البتہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہنے ’’التلخیص الحبیر‘‘(2/42)سکوت اختیار فرمایا ہے۔علامہ البانی نے ان کے سکوت ہی کو اقرب قرار دیا ہے اور لکھا ہے کہ مجھے اس رائطہ کے حالات نہیں ملے۔[4]