تعارف و تبصرۂ کتب اختر راہیؔ نام کتاب : شمائلِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم مؤلّف : شیخ یوسف بن اسماعیل بنہانی مترجم : محمد میاں صدیقی صفحات : ۱۶۰ قیمت : ۶ روپے ناشر : المعارف۔ گنج بخش روڈ۔ لاہور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عادات و اطوار سے متعلق کئی کتابیں لکھی گئی ہیں۔ امام محمد بن عیسیٰ ترمذی رحمہ اللہ نے ’ الشمائل‘ میں جملہ روایات جمع کر دی ہیں جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عاداتِ حسنہ پر روشنی ڈالتی ہیں۔ زیرِنظر تالیف بھی شمائلِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی عکاسی ہے۔ مؤلف نے امام ترمذی رحمہ اللہ کی درج کردہ تمام روایات نقل کی ہیں مگر ذوقِ زمانہ کے پیشِ نظر ترتیب بدل دی ہے نیز اسناد حذف کر دی ہیں۔ مؤلّف نے کتاب کو زیادہ جامع اور منفرد بنانے کے لئے دوسری مستند کتابوں سے بھی اخذ و اقتباس کیا ہے اور بجا طور پر ’شمائلِ رسول‘ اپنے موضوع پر جامع اور منفرد ہے۔ کتاب آٹھ ابواب پر مشتمل ہے: (۱) نسب، اسماء شریفہ۔ (۲) حُلیۂِ مبارک۔ (۳) لباس اور ہتھیار۔ (۴) کھانا، پینا اور سونا (۵) اخلاق و عادات (۶) عبادت، ذکر و شغل۔ (۷) مختلف احوال، دعائیں، نصائح (۸) علاج، عمر شریف، مرض الموت، وصال۔ فاضل مترجم کا اندازِ بیان واضح، سلیس اور پُر اثر ہے۔ ’ترجمہ پن‘ کا قطعاً احساس نہیں ہوتا۔ چند ناموں کی کتابت غلط ہوئی ہے مثلاً ص ۱۶ پر مدّاحِ رسول کعب بن زہیر کو کعب بن زبیر لکھ دیا گیا ہے اس طرح ص ۲۲ پر بوصیری کے بجائے ’’ابو صیری‘‘ رقم ہے جو درست نہیں۔ |