Maktaba Wahhabi

69 - 75
ماسٹر صاحب اختلافی مسائل پر رسائل اور مناظرے و غیرہ کرکے پنجاب و غیرہ میں کافی شہرت پاچکے ہیں، انہوں نے آیت سازی اور ترجمانی میں بھی کمال ہی کردکھایا ہے ، مانعین ِرفع یدین کے علماء اور خصوصاً حفّاظ ِقرآن ذرا بتائیں تو سہی کہ یہ آیت قرآن پاک کے کس پارے، کس سورت اورکس رکوع میں ہے ؟ اور اسکا جو ترجمہ کیا گیا ہے وہ کیا درست ہے ؟ بظاہر یہ اندازِ آیت سازی اور ترجمانی کسی حدتک فکرِ ناہموار اور دلائل سے تہی دستی کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ لگتے ہیں، ورنہ قرآن ِکریم کی سورۂ نسآء میں تویہ آیت اسطرح ہے : {أَلَمْ تَرَ اِلـٰی الَّذِیْنَ قِیْلَ لَہُمْ کُفُّوْا أَیْدِیَکُمْ وَأَقِیْمُوا الصَّلٰوۃَ وَآتُوا الزَّکـٰوۃَ فَلَمَّا کُتِبَ عَلَیْہِمُ الْقِتَالُ اِذَا فَرِیْقٌ مِّنْہُمْ یَخْشَوْنَ النَّاسَ کَخَشْیَۃِ اللّٰہِ أَوْأَشَدَّ خَشْیَۃً وَقَالُوْا:رَبَّنَا لِمَ کَتَبْتَ عَلَیْنَا الْقِتَالَ لَوْلَآ أَخَّرْتَنَا اِلَـٰی أَجَلٍ قَرِیْبٍ ، قُلْ مَتٰـعُ الدُّنْیَا قَلِیْلٌ وَالْآخِـرَۃُ خَیْرٌ لِّمَنِ اتَّقَـٰی ولَاَ تُظْلَمُوْنَ فَتِیْلاً} [سورۃ النساء :۷۷ ] ’’کیا آپ نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جن سے کہا گیا تھا کہ اپنے ہاتھ روکے رکھو اور نماز قائم کرو اور زکوٰۃ دو؟اب جو انہیں لڑائی کاحکم دیا گیا تو ان میں سے ایک فریق کا حال یہ ہے کہ لوگوں سے ایسا ڈر رہے ہیں جیسا اللہ سے ڈرنا چاہیئے یا کچھ اس سے بھی بڑھ کر،اور کہتے ہیں: اے ہمارے رب ! یہ ہم پر لڑائی کا حکم کیوں لکھ دیا؟کہہ دیجیئے! دنیا کا سر مایۂ زندگی تھوڑاہے اور آخرت ایک متقی انسان کیلئے زیادہ بہتر ہے اور تم پر ذرہ برابر ظلم بھی نہیں کیا جائے گا ۔‘‘ اندازہ فرمائیں کہ آیت کن کے بارے میں اورکن الفاظ سے ہے، لیکن مطلب برآری کیلئے اسے کس سلسلہ میں اور کن الفاظ سے پیش کر دیا گیا ہے ، سچ ہے ؎ خود بدلتے نہیں قرآن کو بدل دیتے ہیں کس درجہ ہوئے فقیہانِ حرم بے توفیق
Flag Counter