حرفِ اوّل یہ دنیا تکالیف اور مصائب کی آماجگاہ ہے جس میں ہر انسان کسی نہ کسی تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرتا ہے، درحقیقت یہ آزمائشیں اور امتحانات کسی انسان کو تکلیف و اذیت دینے کی خاطر اس پر نازل نہیں ہوتے بلکہ اسے اپنی اصلاح کرنے اور اپنی روش کا ناقدانہ جائزہ لینے کا موقع مہیا کرتے ہیں۔ اور کسی مومن کے لیے تو ہر آزمائش اور تکلیف اجر و ثواب میں اضافے اور بلندیٔ درجات کا باعث بنتی ہے۔ جس طرح ہر مومن بندہ خوشی اور غمی کے ہر موقع پر صبر و شکر کا مظاہر کرتے ہوئے اﷲ تعالیٰ کی چوکھٹ سے وابستہ رہتا ہے ایسے ہی تنگی و تکلیف کے ہر موقع پر بھی اسی ذات بابرکات سے اپنے دکھوں کا مداوا اور آزمائشوں سے نجات طلب کرتا ہے۔ جادو اور آسیب وغیرہ بھی ایسی اشیاء ہیں جن سے چھٹکارے اور نجات کے لیے اسی پروردگار پر توکل اور اعتماد کرنا چاہیے جو ہر نفع مند اور نقصان دہ چیز کا خالق و مالک ہے۔ زیر نظر کتاب میں قرآن و سنت پر اعتماد کرتے ہوئے صحیح منہج اور طریقے کے مطابق جادو اور ایسے ہی دیگر امراض کا علاج درج کیا گیا ہے لیکن تفصیلات میں جانے سے پیشتر ذیل کی سطور میں جنات اور جادو کے بارے میں چند بنیادی تعلیمات اور توضیحات لکھی جا رہی ہیں جن کا اس ضمن میں علم ہونا ضروری ہے۔ جنات اور جادو ایک حقیقت ہیں: بعض لوگ جنات اور جادو کی حقیقت سے انکار کرتے اور اسے محض اوہام و خیالات گردانتے ہیں، لیکن ان کا یہ موقف نصوصِ کتاب و سنت سے متصادم ہونے کی بنا پر غلط اور |