18 أَعُوْذُ بِاللّٰہِ۔۔۔ اور بِسْمِ اللّٰہِ۔۔۔ کے بعدپوری سورۃ الاخلاص پڑھیں۔ 19 أَعُوْذُ بِاللّٰہِ۔۔۔ اور بِسْمِ اللّٰہِ۔۔۔ کے بعدپوری سورۃ الفلق پڑھیں۔ 20 أَعُوْذُ بِاللّٰہِ۔۔۔ اور بِسْمِ اللّٰہِ۔۔۔ کے بعد پوری سورۃ النّاس پڑھیں۔ یہ عمل یا دَم بار بار یعنی آرام آجانے تک کرتے جائیں، پانی پر دَم کرکے وہ پانی مریض کو پلایا جائے اور ان آیات کو بکثرت سنا جائے یا ان پر مشتمل کیسٹ بکثرت سنے جائیں، خصوصاً سورۃ الصّٰفٰت ، یٰسین ، الدّخان اور الجِنّ بار بار (روزانہ کم از کم تین بار ) سنی جائیں۔ اِنْ شآء اللّٰہ شفاء حاصل ہوجائے گی ۔ ایک ضروری وضاحت: کیسٹ سے قرآن سننے کا عمل بعض اہلِ تجربہ علماء نے ذکر کیا ہے لیکن اگر کوئی خود پڑھ سکتا ہو تو اس کے لیے خود تلاوت کرنا ہی زیادہ باعثِ روحانیّت ہے ۔ یا پھر اسکا کوئی عزیز پاس بیٹھ کر پڑھا کرے ۔ ہاں اگر ان دونوں صورتوں میں سے کوئی بھی ممکن نہ ہو تو پھر کیسٹ سننے میں بھی ان شآء اﷲ کوئی حرج نہیں ، اور کیسٹ سننے کی بات آئندہ صفحات میں جہاں جہاں بھی آئے وہاں وہاں اس وضاحت کو پیشِ نظر رکھا جائے۔ یہاں یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ کبھی کبھی دَم یا علاج کے دوران پہلے چند دنوں تک مریض کی تکلیف میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے،لہٰذا گھبرائیں نہیں ،سلسلۂ علاج و دعا جاری رکھیں، ایک مہینہ پورا ہونے تک یا اس سے پہلے پہلے ہی اللہ کے فضل سے تکلیف ختم ہوجائے گی ۔ آرام آجانے کے بعد مریض بکثرت توبہ و استغفار کیا کرے اور لَا حَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ پڑھتا رہے۔ نماز و تلاوتِ قرآن کی پابندی کرے اور صبح و شام کے اذکار کو اپنا وظیفہ و معمول بنا لے، تاکہ اس پر دوبارہ ایسا حملہ نہ ہو ۔ |