[2] محبت کے جادو (تِوَلہ) کا علاج : زندگی خوشی و غم سے عبارت ہے، اس میں خوشیاں اور ناراضگیاں آتی جاتی رہتی ہیں۔ کسی سے ناراضگی یا شوہر سے نا چاقی پر فوراً ’’تِوَلہ‘‘ یعنی محبت پیدا کرنے کے جادو ٹونے اور تعویذ گنڈے کرواکر اسے اپنی محبت میں پھنسانا اور اپنی طرف مائل کرنا شروع کردیاجاتا ہے لیکن کبھی کبھی یہ اتنا مہنگا پڑجاتا ہے کہ اُن تعویذوں کے الٹے اثرات سے شوہر مستقل بیمار رہنے لگتا ہے اور نفرت میں مزید بڑھ جاتا ہے، لہٰذا ایسے جادو ٹونے اور تعویذ گنڈے کرنے اور کروانے سے اللہ کا خوف کھانا چاہیے ۔ ہاں اگر کبھی کوئی کسی پر ایسا جادو کرواہی دے تو اس مریض کو بھی وہ دَم کریں جو ہم نے تفریق و جدائی کا جادو دور کرنے کے لیے ذکر کیا ہے۔ البتہ محبت کے جادو کو زائل کرنے کے لیے سورۃ البقرہ کی آیت : ۱۰۲ نہ پڑھیں، بلکہ اسکی جگہ سورۃ التغابن کی آیت ۱۴، ۱۵ اور ۱۶ پڑھیں اور مریض کو دَم کریں ، اور دَم کیا ہوا پانی مریض کو پلائیں۔ جادو کا اثر ختم ہونے تک اُسے دَم کرتے رہیں اور دَم کیا ہوا پانی پلاتے رہیں۔ نیز اِس دَم والے پانی کو کچھ دوسرے پانی میں ملا کر اُس سے مریض کو غسل کروائیں ۔ اسی طرح پانی پر درج ذیل آیات کے ساتھ دَم کرکے وہ پانی بھی مریض کو پلائیں: 1 أَعُوْذُ بِاللّٰہِ۔۔۔ کے بعد آیۃ الکرسی یعنی سورۃ البقرہ کی آیت :۲۵۵ پڑھیں۔ 2 أَعُوْذُ بِاللّٰہِ۔۔۔ کے بعد سورۃ الاعراف کی چھ آیات:۱۱۷ تا ۱۲۲ پڑھیں۔ 3 أَعُوْذُ بِاللّٰہِ۔۔۔ کے بعد سورۃ یونس، آیت: ۸۱ اور ۸۲ پڑھیں۔ 4 أَعُوْذُ بِاللّٰہِ۔۔۔ کے بعد سورۃ طٰہٰ کی آیت: ۶۹پڑھیں۔ محبت بڑھانے کے لیے کیے گئے جادو اور تعویذ گنڈوں کے اثرات کو زائل کرنے کے لیے ان آیات کا یہ دَم نہ صرف اِنْ شآء اﷲ مفید ہے بلکہ بعض اہلِ علم کا مجرَّب بھی ہے۔ |