Maktaba Wahhabi

149 - 277
(لاَ یُؤْمِنُ أَحَدُکُمْ حَتّٰی یَکُوْنَ ہَوَاہُ تَبَعًا لِمَا جِئْتُ بِہٖ) ترجمہ:’’تم میں سے کوئی شخص(کامل)ایمان والا نہیں ہو سکتا یہاں تک کہ اس کی خواہش میری لائی ہوئی شریعت کے تابع ہو جائے۔‘‘[البغوی فی شرح السنۃ:۱/۲۱۳،الخطیب فی تاریخ بغداد:۴/۳۶۹،ابن ابی عاصم فی السنۃ:۱/۱۲ وغیرہم۔تاہم اس کی سند ضعیف ہے کیونکہ اس کا دار ومدار نعیم بن حماد پر ہے۔] اس حدیث کے بارے میں حافظ ابن رجب رحمہ اللہ کا کہنا ہے کہ اسے صحیح قرار دینا بہت بعید ہے اور اس کی کئی وجوہات ہیں۔ان میں سے ایک یہ ہے کہ اسے صرف نعیم بن حماد نے روایت کیا ہے۔اسے اگرچہ بعض ائمہ نے ثقہ کہا ہے اور امام بخاری رحمہ اللہ نے اس سے روایت کی ہے اور محدثین اس کے بارے میں حسن ظن رکھتے تھے کیونکہ وہ متبعِ سنت تھا اور اور اہلِ بدعت کا شدت سے رد کرتا تھا تاہم وہ اسے متہم سمجھتے تھے کیونکہ بعض احادیث میں اسے شبہ ہوا اور جب انھوں نے اس کی منکر روایتیں کثرت سے دیکھیں تو اسے ضعیف قرار دے دیا .... رہا اس حدیث کا معنی تو وہ یہ ہے کہ کوئی انسان کامل ایمان والا نہیں ہو سکتا یہاں تک کہ اس کی محبت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شریعت اور آپ کے اوامر ونواہی کے تابع ہو جائے۔اور وہ اس چیز سے محبت کرے جس کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا اور اس چیز کو نا پسند کرے جس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا۔یہ معنی قرآن کریم کی متعدد آیات میں وارد ہے۔چنانچہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:﴿فَلاَ وَرَبِّکَ لاَ یُؤْمِنُوْنَ حَتّٰی یُحَکِّمُوْکَ فِیْمَا شَجَرَ بَیْنَہُمْ﴾[النساء:۶۵] اسی طرح اس کا فرمان ہے:﴿وَمَا کاَنَ لِمُؤْمِنٍ وَّلاَ مُؤْمِنَۃٍ إِذَا قَضَی اللّٰہُ وَرَسُوْلُہُ أَمْرًا أَنْ یَّکُوْنَ لَہُمُ الْخِیَرَۃُ مِنْ أَمْرِہِمْ وَمَنْ یَّعْصِ اللّٰہَ وَرَسُوْلَہُ فَقَدْ ضَلَّ ضَلاَلاً مُّبِیْنًا﴾[الأحزاب:۳۶]
Flag Counter