Maktaba Wahhabi

195 - 198
حفیظ الرحمٰن احسنؔ مطالعۂ سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی ضرورت و اہمیت مطالعۂ سیرت نبوی، علیٰ صاحبہا الصلٰوۃ والتسلیم کی ضرورت و اہمیت پر گفتگو باہر تحصیلِ حاصل معلوم ہوتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ آج ہم جس طرح اس فریضہ سے غفلت برت رہے ہیں وہ محض اس وجہ سے ہے کہ اس کی حقیقی ضرورت و اہمیت کا احساس ہمارے دلوں سے محو ہو گیا ہے۔ ہماری زندگیوں کی نہج کچھ ایسی بن گئی ہے کہ ہمیں اس اہم خلاء کا احساس بھی کم ہوتا ہے جو ہماری زندگیوں میں مطالعۂ سیرت کے فقدان یا کمی کی بناء پر پیدا ہو گیا ہے اور جس کی وجہ سے ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی تشکیل و تعمیر کے لئے حقیقی روشنی اور رہنمائی کے سر چشمے سے محروم ہو گئے ہیں۔ اور یہ وہ محرومی ہے جس کا ذمہ دار خود ہمارے اپنے سوا کوئی نہیں ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کے مطالعہ کی ضرورت و اہمیت ایک وسیع موضوعِ گفتگو ہے۔ جس کو کسی مختصر تحریر میں سمیٹنا مشکل ہے تاہم راقم الحروف کی یہ کوشش ہو گی کہ وہ اس موضوع کے کچھ اہم پہلو آئندہ سطور میں پیش کر سکے۔ (۱) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق و کردار اور سیرت و شخصیت کے بارے میں قرآنِ مجید کی، اور درحقیقت خدائے بزرگ و برتر کی شہادت یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اخلاق کے بلند ترین مرتبے پر فائز ہیں۔ سورۃ القلم آیت ۴ میں ارشاد ہوا ہے: وَاِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِیْمٍ (اور آپ کے اخلاق بہت اعلیٰ ہیں) اور پھر اسی پر کیا موقوف ہے پورا قرآن حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاقِ عالیہ کی زندہ شہادت اور تفسیر ہے۔ مشہور روایات کے مطابق، ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے ارشاد فرمایا: کَانَ خُلُقُهُ الْقُرْاٰن یعنی قرآن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اخلاق ہے۔ اسی بناء پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو قرآنِ ناطق کہا گیا ہے۔ اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم
Flag Counter