۹: سورۃ الحدید کی آیت: {ھو الاول والآخر…} الآیۃ:امام ابوداؤد نے ابوزُمیل سے روایت نقل کی ہے، (کہ) انھوں نے بیان کیا: ’’میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سوال کیا:’’میں اپنے سینے میں جو پاتا ہوں، (وہ) کیا چیز ہے؟‘‘انھوں نے فرمایا: ’’وہ کیا ہے؟‘‘میں نے عرض کیا: ’’اللہ تعالیٰ کی قسم! میں اسے زبان پر نہیں لاسکتا۔‘‘انھوں نے بیان کیا: ’’تو انھوں نے مجھ سے فرمایا: ’’کیا وہ شک (شبہے والی بات) ہے؟‘‘انھوں نے بیان کیا: ’’پھر انھوں (ابن عباس رضی اللہ عنہما ) نے مجھ سے فرمایا:’’جب تم اپنے نفس میں کوئی (ایسی) چیز پاؤ، تو پڑھا کرو:{ہُوَ الْاَوَّلُ وَالْآخِرُ وَالظَّاہِرُ وَالْبَاطِنُ وَہُوَ بِکُلِّ شَیْئٍ عَلِیْمٌ۔[1]}[2][وہی سب سے پہلے ہیں اور سب سے پیچھے ہیں اور ظاہر ہیں اور چھپے ہوئے ہیں اور وہ ہر چیز کو خوب جاننے والے ہیں۔]امام ابوداؤد نے اس روایت کو درجِ ذیل عنوان والے باب میں روایت کیا ہے:[وسوسے کو دور کرنے کے متعلق باب][3]