Maktaba Wahhabi

277 - 548
میں وارد ہے، اس لیے کہ اس نے معذور ہونے کے باعث اپنے گھر میں نماز پڑھی ہے، اسی طرح عورت جب نماز فجر کے بعد اپنی نماز کی جگہ بیٹھ کر اللہ کا ذکر کرتی ہے یا قرآن کی تلاوت کرتی ہے تاآنکہ سورج بلند ہوجائے، پھر وہ اشراق کی دو رکعتیں پڑھتی ہے تو اس کو وہی اجر ملے گا جو حدیثوں میں وارد ہے۔[1] حسن بن علی رضی اللہ عنہما کی سیرت ہمیں بوقت صبح ذکر الٰہی کی اہمیت سکھلاتی ہے اور اس وقت نہ سونے کی ترغیب دلاتی ہے۔ ابن القیم رحمہ اللہ بوقت صبح ذکر الٰہی کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہتے ہیں: ’’فقہائے کرام کے نزدیک نماز صبح اور طلوع آفتاب کے درمیان سونا مکروہ ہے، وہ تو (ثوابوں کا) خزانہ سمیٹنے کا وقت ہوتا ہے، زاہدوں کے نزدیک اس وقت اللہ کی جانب متوجہ ہونے کی ایک خاص خصوصیت ہے، اگر رات بھر اللہ کی جانب متوجہ ہو کر عبادت کرتے رہے ہوں تو بھی اس وقت طلوع آفتاب تک عبادت منقطع نہیں کرتے ہیں، اس لیے کہ اسی وقت سے دن کی ابتدا ہوتی ہے، اسی وقت روزیاں نازل ہوتی ہیں اور تقسیم کی جاتی ہیں، اسی وقت برکتوں کانزول ہوتاہے، وہیں سے دن شروع ہوتا ہے، دن کے اسی حصے کے حکم پر پورے دن کا حکم مرتب ہوتا ہے، اس لیے اضطراری حالت ہی میں اس وقت سونا چاہیے۔‘‘[2] اس وقت کی فضیلت اور اس میں اللہ کی عبادت کی اہمیت کے باعث اس وقت ذکر الٰہی میں مشغول رہنے کی احادیث میں شدید ترغیب دلائی گئی ہے، چنانچہ انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((مَنْ صَلَّی الْفَجْرَ فِیْ جَمَاعَۃٍ ثُمَّ قَعَدَ یَذْکُرُ اللّٰہَ تَعَالٰی حَتّٰی تَطْلُعَ الشَّمْسُ ثُمَّ صَلّٰی رَکْعَتَیْنِ کَانَتْ کَأَجْرِ حَجَّۃٍ وَ عُمْرَۃٍ تَامَّۃٍ تَامَّۃٍ تَامَّۃٍ۔)) [3] ’’جس نے نماز فجر باجماعت پڑھی، پھر بیٹھا طلوع آفتاب تک اللہ کو یاد کرتا رہا، پھر دو رکعت نماز پڑھی تو اس کو حج و عمرہ کا پورا پورا ثواب ملے گا۔‘‘ ابن رجب رحمہ اللہ کہتے ہیں: حج افضل اعمال میں سے ہے، لوگ اس کے کافی مشتاق ہوتے ہیں اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے دلوں میں خانۂ کعبہ کی جانب ایک خاص کشش رکھ دی ہے، اور بہت سارے لوگ اس افضل عمل کو ادا کرنے سے قاصر رہتے ہیں، بالخصوص ہر سال ادا نہیں کرسکتے، اس لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے لیے ایسے اعمال مشروع قرار دیا کہ جن کا ثواب حج کے ثواب کے برابر ہوتا ہے تاکہ ان کے ذریعہ سے نفلی حج نہ کرسکنے والوں کو اس کا بدل مل جائے۔[4]
Flag Counter