Maktaba Wahhabi

محدث شمارہ 27-28

مؤلف: حافظ عبد الرحمن مدنی

ناشر: مجلس التحقیق الاسلامی لاہور

سال شائع: مئی و جون 1973

مسیحی دنیا کے نام اسلام کا پیام: کوئی غیر طرف دار مورخ ہو، آئے اور جانچے، کیا سورۂ اعراف میں اللہ تعالیٰ کا وہ ارشاد جو اس وقت کی حالت کا نقشہ کھینچ رہا ہے: وَیَضَعُ َنْھُمْ اِصْرَھُمْ وَالْاَغْلَالَ الَّتِیْ کَانَتْ عَلَیْھِمْ [1] کی صداقت سے انکار کر سکے گا؟ اسی قدر نہیں قرآن نے جابجا اس طرف اشارہ کیا ہے۔ یمن کے بشپ و بطریق کی معرفت مسیحی دنیا کو جو پیام دیا تھا، کیا تھا؟ تم نے اگر کبھی قرآن کھول کر پڑھا ہو گا اور ساتھ ہی غور کرنے کی تکلیف بھی کی ہو گی تو سورۂ آلِ عمران میں اس پیام کو پایا ہو گا: قُلْ يَا اَھْلَ الْكِتَابِ تَعَالَوْا اِلٰي كَلِمَةٍ سَوَاءٍ بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ اَلَّا نَعْبُدَ اِلَّا اللهَ وَلَا نُشْرِكَ بِه شَيْئًا وَّلَا يَتَّخِذَ بَعْضُنَا بَعْضًا اَرْبَابًا مِّنْ دُوْنِ اللهِ (۳:۶۴) ’’(اے پیغمبرؐ! تم (یہود اور نصاریٰ سے) کہہ دو کہ اے اہلِ کتاب! (اختلاف ونزاع کی ساری باتیں چھوڑ دو اور) اس بات کی طرف آؤ جو ہمارے اور تمہارے دونوں کے لئے یکساں طور پر مسلم ہے۔ یعنی اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں۔ کسی کی ہستی کو اس کا شریک نہ ٹھہرائیں۔ ہم میں سے ایک انسان دوسرے انسان کے ساتھ ایسا برتاؤ نہ کرے گویا خدا کو چھڑ کر اسے اپنا پروردگار بنا لیا ہے۔ یہود و نصاریٰ دونوں جماعتوں سے خطاب ہے، طلب کسی اور چیز کی نہیں ہے، دنیا کی امداد، نہ ذات کے لئے فائدہ کی، بلکہ مطالبہ ہے۔ اشتراکِ عقیدہ کے لئے، توحید پر اتفاق کے لئے، یعنی اَلَّا نَعْبُدَ اِلَّا اللہَ، خدا کی چوکھٹ کے سوا کسی انسانی بارگاہ پر خواہ وہ ظاہری ٹھاٹھ میں کتنی ہی عظیم کیوں نہ ہو، عبادت کی پیشانی نہ جھکائیں۔ دوسرے ’’لَا نُشْرِکَ بِه شَیْئًا‘‘ عقیدتاً بھی، باطن میں بھی اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں گویا ظاہر ہو تب، باطن ہو تب، دونوں حالتوں میں اسی کی عظمت، اسی کی کبریائی، اسی کی الوہیت کے سامنے، نیاز کا سر یا اعتراف کا قلب جھکے، اور تمام باطل و خود ساختہ معبودوں اور مدعیانِ جبروت طاقتوں کو ٹھکرا دیا جائے، خواہ یہ آواز چرچوں سے بلند کی جائے، یا تخت ہائے شہنشاہی سے۔ اور یہ کہ اللہ کے سوا کسی اور کو اپنا معبود نہ بنائیں ’’وَلَا یَتَّخِذَ بَعْضُنَا بَعْضًا اَرْبَابًا مِّنْ دُوْنِ اللهِ‘‘ اربابٌ مّن دون اللّٰہ کی تفسیر: قرآن کی بولی میں رب بنا لینے کا کیا مطلب ہے؟ میں خود نہیں بلکہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا جو مطلب بیان بیان فرمایا ہے اور اس سے جو مراد لی
x
صفحہعنوان
3حرفِ اوّل
5’’ رسول الرحمة محمد صلی اللہ علیہ وسلم ‘‘
7كارنامۂ سيرت، بے رحم تاریخ کی کسوٹی پر
27مقامِ محمدی صلی اللہ علیہ وسلم ۔ مسیحیّت کی نظر میں
36آغازِ وحی سے ہجرت تک
51معراجِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
55مدينے ميں ماهِ تمام آگيا ہے
57سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت مؤسِّس و مُدبّرِ ریاست
73رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت منصف اور قانون ساز
80خاتمُ النّبیّین صلی اللہ علیہ وسلم
85نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم
86ہستئ بے قرار
93اے اُمّتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم
95رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم
124بجناب رسالتِ مآب صلی اللہ علیہ وسلم
125رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کی معاشی زندگی
134مطالعہ و تالیفِ سیرت کے چند پہلو
141سرورِ کائنات کی حیاتِ طیبہ ماہ و سال کے آئینے میں
150تعارف و تبصرۂ کتب
153سکھائے تُو نے محکوموں کو آدابِ جہانبانی
Flag Counter