Maktaba Wahhabi

113 - 154
ج: صدقہ کی کھجور منہ میں ڈالنے پر نواسوں کا احتساب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیارے نواسوں حسن و حسین رضی اللہ عنہما نے صدقہ کی ایک ایک کھجور اپنے منہ ڈالی، تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کا احتساب فرمایا۔ حضرت حسن رضی اللہ عنہ پر احتساب کے متعلق امام بخاری نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے، کہ انہوں نے بیان کیا: ’’حسن بن علی رضی اللہ عنہما نے صدقہ کی کھجوروں میں سے ایک کھجور اٹھا کر اپنے منہ میں ڈالی، تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: [کِخْ کِخْ] تاکہ وہ اس کو پھینک دیں۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’أَمَا شَعَرْتَ أَنَّا لَا نَأْکُلُ الصَّدَقَۃَ؟‘‘ [’’کیا تمہیں علم نہیں، کہ یقینا ہم صدقہ نہیں کھاتے؟‘‘]([1]) حضرت حسین رضی اللہ عنہ پر احتساب کے متعلق امام احمد نے ربیعہ بن شیبان سے روایت نقل کی ہے، کہ انہوں نے بیان کیا: ’’میں نے حسین بن علی رضی اللہ عنہما سے پوچھا: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے آپ کو کون سی بات یاد ہے؟ انہوں نے بیان کیا:’’ میں بالاخانے پر چڑھا، تو میں نے ایک کھجور پکڑی اور اس کو اپنے منہ میں چبانا شروع کیا، تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’أَلْقِہَا، فَإِنَّہَا لَا تَحِلُّ لَنَا الصَّدَقَۃُ۔‘‘ ([2])
Flag Counter