عرضِ ناشر
بات جب اُس دین کی ہوتی ہے جو آخری نبی محمد کریم صلی اللہ علیہ وسلم لے کر آئے تھے تو دل تڑپ اُٹھتا ہے کیونکہ آج وہ عملوں میں ناپید ہے۔ ہم مسلمان دلوں میں مغرب کی پیروی کے جذبے، سوچوں پر ہندوؤانہ چھاپ، عمل میں اونچ نیچ کی ہیرا پھیریاں لیے دین محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کو مسجدوں تک محدود کر چکے ہیں کیونکہ یہ وہی مہر ہے جو انگریز نے برصغیر میں رہتے ہوئے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے سے ہمارے ذہنوں پر لگائی تھی۔ مسجد سے نکلتے ہی ہمارے رویے کیوں بدل جاتے ہیں ؟ پتہ ہی نہیں چلتا کہ یہ محمدکریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ماننے والے ہیں ؟ دلوں میں بغض و حسد، فرقہ پرستی، خود پرستی، سودی کاروبار، انگریز کی نقالی ، ہندو کی چاہت، بدعات و خرافات سے محبت، توحید و سنت سے نفرت ، اخلاص سے دُوری ، قرآن کو سپارہ پڑھنے تک محدود کرنا اور ہر آیت کو سمجھ کر نہ پڑھنا جیسے اعمال ہماری زندگی کا حصہ بن گئے ہیں ۔ یہ چیزیں ہم میں ایسی رچ بس گئی ہیں کہ اب اپنی ہی محسوس ہوتی ہیں۔ تَدَبَّرُوْا
مسلمانو! اپنی اپنی پسند کی آیات اور احادیث لے کر فرقوں میں نہ بٹو، اللہ کے لیے آؤ اُس کامل دین کی طرف جس کو میرے اور آپ کے نبی محمد کریم صلی اللہ علیہ وسلم لے کر آئے تھے۔آؤ اس بات (قرآن و حدیث)کی طرف جو سب مسلمانوں میں مشترک اور نجات کا ذریعہ ہے۔
یہ کتاب اسی اسلام کا آئینہ ہے جس کا نمونہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں ، جسے ہمارے اسلاف نے عملی طور پر اپنایا ۔ شاید آج پھر مسلمان اس کتاب سے اپنا چہرہ پہچان لیں اور دیکھ لیں کہ وہ کون تھے ، اور محمد کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دین کی طرف لوٹ آئیں ۔آمین ثم آمین
مدیر مکتبۃ الکتاب
عبدالرؤف
|