مقدمۃ المحقق خطبہ مسنونہ: اما بعد1۔ یہ کتاب: ’’الشرح والإبانۃ علی أصول السنۃ والدیانۃ ومجانبۃ المخالفین ومباینۃِ أہل الأہواء المارقین‘‘ یہ ’’أبو عبداللّٰہ عبیداللّٰہ إبن بطۃ العکبري المتوفی (۳۸۷ ھ)‘‘ کی تصنیف ہے، اس کا شمار عقیدہ، ابواب سنت، عبادات اور آداب کی مختصر کتابوں میں ہوتا ہے۔ بہت سارے اہل علم کے ہاں اس کتاب کو ’’الإبانۃ الصغریٰ‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، تاکہ اس کے اور دوسری بڑی کتاب ’’الإبانہ عن شریعۃ الفرقۃ الناحیۃ ومجانبۃ الفرق المذمۃ‘‘ کے درمیان فرق ہو سکے۔ اسے اہل علم حضرات ’’الإبانۃ الصغریٰ‘‘ کے نام سے جانتے ہیں ۔ ’’الإبانۃ الصغریٰ‘‘ کے مختصر ہونے کے باوجود ’’الإبانۃ الکبریٰ‘‘ اس سے مستغنی نہیں سکتی، اور جو چیز میرے سامنے آتی ہے وہ یہ ہے کہ یہ کتاب الإبانۃ الصغریٰ کا مختصر نہیں ، جیسا کہ بعض لوگوں کا خیال ہے۔ مصنف نے اس طرف کوئی اشارہ تک نہیں کیا بلکہ اس میں بہت ساری احادیث اور ابواب ایسے ہیں جن کا الإبانۃ الکبریٰ میں نام تک نہیں ۔ کتاب ہمارے سامنے موجود ہے۔ حق بات یہ ہے کہ یہ جلیل القدر اثر کثیر منفعت کتاب ہے۔ اہل علم اس کا شایان شان اہتمام کرتے چلے آئے ہیں ، اور اس کی دلیل بڑے بڑے علماء کرام کے سامنے کثرت کے ساتھ کتاب کا پڑھا جانا ہے۔ |