Maktaba Wahhabi

401 - 432
جواب جس حدیث سے ابن حزم رحمہ اللہ (م ۴۵۶ ھ) کو اشکال پیدا ہوا ہے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ہم اسے من وعن نقل کردیں ۔ الفاظ حدیث ملاحظہ ہوں : أنہ جاء ہ ثلاثۃ تفر قبل أن یوحی إلیہ وھو نائم فی المسجد الحرام فقال أولہم: أیھم ھو؟ فقال أوسطہم ھو خیرھم فقال أحدھم خذوا خیرھم، فکانت تلک اللیلۃ فلم یرھم حتی أتوہ لیلۃ أخری فیما یری قلبہ وتنام عینہ ولا ینام قلبۃ وکذلک الانبیاء تنام أعینہم ولا تنام قلوبھم فلم یکلموہ حتی احتملوا فوضعوہ عند بئر زمزم.... ثم عرج بہ إلی السماء الدنیا ۲۲؎ ’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی اترنے سے پہلے تین فرشتے آپ کے پاس آئے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد حرام میں سو رہے تھے، پہلے فرشتے نے کہا کہ ان تینوں میں سے وہ کون ہے؟ درمیان والے فرشتے نے کہا کہ جو ان تینوں میں سے بہتر ہے۔ آخری نے کہا کہ جو ان میں سے افضل ہے اسے لے چلو۔اس رات کو اتنا ہی واقعہ ہوا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر انہیں نہیں دیکھا، اس کے بعد ایک رات دوبارہ وہ فرشتے آئے۔ اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حالت تھی کہ آپ کا دل بیدار تھا اور آنکھیں سو رہی تھیں ، کیونکہ آپ کا دل نہیں سوتا تھا اور تمام پیغمبروں کا یہی حال ہوتا تھا ان کی آنکھیں سوتی تھیں اور دل بیدار رہتا تھا، اس دفعہ ان فرشتوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کوئی بات نہیں کی اور آپ کو اٹھا کر زمزم کے کنویں کے پاس لے گئے اور آپ کا سینہ چاک کیا.... پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو آسمان دنیا پر لے گئے.... ‘‘ مذکورہ حدیث سے واضح ہوجاتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ عليہ وسلم کے پاس فرشتوں کی آمد دو دفعہ ہوئی۔ پہلی دفعہ وہ آپ صلی اللہ عليہ وسلم کے پاس نبوت سے پہلے آئے اور آپ کو ساتھ لے کر نہیں گئے بلکہ اس وقت صرف شناخت کرکے واپس لوٹ گئے۔ اور جب فرشتے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس دوسری دفعہ تشریف لائے تو آپ صلی اللہ عليہ وسلم اس وقت منصب نبوت پر فائز ہوچکے تھے، جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم کے اسراء ومعراج کا واقعہ دوسری دفعہ کا ہے، کیونکہ پہلی دفعہ فرشتے آپ کو دیکھنے کے بعد باہم استفسار کرکے ہی چلے گئے تھے۔ ہمارا یہ دعوی کہ فرشتوں کی دوسری دفعہ آمد اور اسراء ومعراج کا واقعہ مقام نبوت پر سرفراز ہونے سے بعد کا ہے، اس کے کئی ایک دلائل ہیں : 1۔ مذکورہ اس روایت میں فرشتوں کے دوسری دفعہ آنے کا ذکر ہے اور یہ الفاظ بھی نقل ہوئے ہیں کہ حتی أتوہ لیلۃ أخری فیما یری قلبہ وتنام عینہ ولا ینام قلبۃ وکذلک الانبیاء تنام أعینہم ولا تنام قلوبھم، جس کا مطلب یہ ہے کہ اب آپ دیگر انسانوں کی مانند ایک عام انسان نہیں رہے بلکہ انبیاء کرام کی ارفع صفات سے متصف ہوچکے ہیں اور انبیاء کا یہ خاصا ہے کہ ان کی آنکھیں سوتی ہیں ، لیکن دل جاگتے رہتے ہیں ۔ مذکورہ الفاظ سے آنکھوں کے سونے او ردل کے جاگنے کے الفاظ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم کے بارے میں بیان ہوئے ہیں ، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ فرشتوں کی دوبارہ آمدآپ کے مقام نبوت پر سرفراز ہونے کے بعد کی ہے۔ 2۔ ہمارے مذکورہ دعوی کہ فرشتے دوسری دفعہ آپ صلی اللہ عليہ وسلم کو معراج پر لے کر گئے تو اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نبوت کا تاج پہنا دیا گیا تھا، کی دوسری دلیل وہ الفاظ ہیں جو مذکورہ حدیث میں یوں وارد ہیں : ثم عرج بہ إلی السماء الدنیا، فضرب بابا من أبوابہا فناداہ أہل السماء من ہذا؟ فقال: جبریل! قالوا: ومن معک؟ قال: معی محمد صلي اللّٰه عليه وسلم ! قالوا: وقد بعث؟ قال: نعم! قالوا: فمَرْحَبًا بہ وأہلاً ۲۳؎
Flag Counter