Maktaba Wahhabi

32 - 290
انتظام بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ختم نبوت کی ایک عظیم نشانی ہے۔ 8.اللہ تعالی نے اس دین کو تمام ادیان پر غالب کردیا ہے: 17.﴿ هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَى وَدِينِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ وَلَوْ كَرِهَ الْمُشْرِكُونَ﴾ ترجمہ:’’ وہی تو ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور سچے دین کے ساتھ بھیجا تاکہ اس دین کو سب ادیان پر غالب کردے۔ خواہ یہ بات مشرکوں کو کتنی ہی ناگوار ہو۔‘‘(التوبة: 33) 18.﴿ هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَى وَدِينِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ وَكَفَى بِاللّٰهِ شَهِيدًا ﴾ ترجمہ:’’ وہی تو ہے جس نے ہدایت اور دین حق دے کر اپنا رسول بھیجا تاکہ اسے باقی سب ادیان پر غالب کردے۔ اور (اس حقیقت پر) اللہ کی گواہی کافی ہے۔‘‘(الفتح: 28) دین محمدی صلی اللہ علیہ وسلم تمام ادیان پر غالب ہونے کے لئے آیا ہے، اب کوئی سماوی یا ارضی دین ایسا نہیں جو دین محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کو مغلوب کرسکے ، اور یہ غلبہ بھی ختم نبوت کا مرہون منت ہے، کیونکہ اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کسی اور نبی کی آمد ہوتی تو اس نبی کا دین ،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دین پر غالب آتا ، لیکن غلبہ دین محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کا تقاضا یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پرسلسلہ نبوت کا اختتام ہوجائے ، اور یقینا یہی رضائے الٰہی ہے۔ 9.نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد کسی نبی کا تذکرہ نہیں ہے: 19.﴿ وَمَا مُحَمَّدٌ إِلَّا رَسُولٌ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِهِ الرُّسُلُ أَفَإِنْ مَاتَ أَوْ قُتِلَ انْقَلَبْتُمْ عَلَى أَعْقَابِكُمْ وَمَنْ يَنْقَلِبْ عَلَى عَقِبَيْهِ فَلَنْ يَضُرَّ اللّٰهَ شَيْئًا وَسَيَجْزِي اللّٰهُ الشَّاكِرِينَ﴾ (آل عمران: 144) ترجمہ:’’ محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) ایک رسول ہی ہیں ۔ ان سے پہلے بہت سے رسول گزر چکے ہیں ۔ اگر وہ وفات پاجائیں یا شہید ہوجائیں تو کیا تم الٹے پاؤں پھر جاؤ گے؟ (اسلام چھوڑ دو گے؟) اور اگر کوئی الٹے پاؤں پھر بھی جائے تو اللہ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ اور شکرگزاروں کو اللہ تعالیٰ جلد ہی اچھا بدلہ عطا کرے گا۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کےتذکرہ پر مومنین کو گزشتہ انبیاء کی وفات کا یاد دلا کر استقامت کا درس دیا جارہا ہے اور حوصلہ دلایا جارہا ہے، البتہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کسی نبی کی امید نہیں دلائی جارہی اور یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ختم نبوت کی بالکل واضح دلیل ہے۔
Flag Counter