Maktaba Wahhabi

53 - 492
کیلئے امن وسلامتی کا پیغام ہے۔ ہم باری تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمیں اپنی رحمتوں سے نوازے اور ہمارے حال پر رحم فرمائے۔ دوسرا خطبہ عزیز بھائیو ! ہمارا دین دین ِاسلام ہے جو کہ سلامتی کا سبق دیتاہے۔اور ہمارا خالق ومالک اور معبودِ برحق اللہ تعالی ہے جس کے اسمائے گرامی میں سے ایک اسم گرامی(السلام)ہے۔اور اس کا معنی بھی یہی ہے:سراسر سلامتی والا ، یعنی وہ جس کے ظلم سے مخلوق سلامتی میں ہو۔اسی طرح اس کے اسمائے حسنیٰ میں سے ایک(المؤمن)بھی ہے جس کا معنی ہے:امن دینے والا۔اسی طرح اللہ تعالی نے اپنے مسلمان بندوں کو بوقت ملاقات ایک دوسرے کو جو تحفہ پیش کرنے کی تعلیم دی ہے وہ ہے:(السلام علیکم)یعنی ’ تم پر سلامتی ہو ‘۔یہ اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ تعالی جو سلامتی والا اور امن دینے والا ہے اس نے اپنے ماننے والوں کو بھی یہی تعلیم دی ہے کہ وہ امن وسلامتی کے پیغام کو عام کریں اور دنیا بھر کے لوگوں کو باور کرائیں کہ ہم امن وسلامتی کو پسند کرتے ہیں اور خود بھی امن وسلامتی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور دوسروں کی بھی سلامتی کے خواہشمند ہیں۔ اِس کے علاوہ اللہ تعالی نے مسلمانوں کا جو ابدی ٹھکانا بنایا ہے اور جس میں وہ نعمتیں ہیں کہ جن کو نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے اور نہ ان کے بارے میں کسی کان نے سنا ہے اور نہ ہی کوئی شخص ان کا تصور کر سکتا ہے ، وہ ہے:(دار السلام)یعنی سلامتی کا گھر۔یہ بھی اِس بات کی دلیل ہے کہ اللہ تعالی کو امن وسلامتی بہت پسند ہے۔ لہذا جو اللہ تعالی خود سلامتی والا ہے ، امن دینے والا ہے ، مسلمانوں کو آپس میں پیغامِ امن دینے کی تعلیم دیتا ہے اور اس نے ان کیلئے سلامتی والا گھر تیار کر رکھا ہے ، کیا اس کا دین دین ِخوف ودہشت ہو سکتا ہے ؟ نہیں ، ہرگز نہیں۔یقینی طور پر اس کا بھیجا ہوا دین دین ِ رحمت ہے اور دین ِامن وسلامتی ہے۔جو ساری دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ اِس سچے دین کو قبول کر لو ، تمھارے لئے دنیا وآخرت میں سلامتی ہی سلامتی ہوگی۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو مرتے دم تک اِس سلامتی والے دین ِ اسلام پر قائم ودائم رہنے کی توفیق دے۔اور ہمارا خاتمہ ایمان وعمل کی سلامتی کے ساتھ فرمائے۔
Flag Counter