Maktaba Wahhabi

364 - 492
’نفاق‘ اور منافق کی نشانیاں اہم عناصرِ خطبہ: 1۔ نفاق کسے کہتے ہیں ؟ 2۔ نفاق کی اقسام 3۔ نفاق کا ڈر اور خوف 4۔ خطرناک ٹولہ ! 5۔ منافق کی نشانیاں 6۔ منافق کا انجام پہلا خطبہ محترم حضرات ! آج کے خطبۂ جمعہ میں ہم ایک خطرناک گروہ کے متعلق گفتگو کریں گے(إن شاء اللہ)یہ وہ گروہ ہے کہ جو مسلمانوں کیلئے یہود ونصاری سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔اور وہ ہے منافقین کا گروہ۔اِس گروہ کے متعلق کچھ ذکر کرنے سے قبل ہم آپ کو یہ بتاتے چلیں کہ نفاق کسے کہتے ہیں اور ا س کی کتنی قسمیں ہیں ؟ ’نفاق ‘ عربی زبان میں نَافَقَ کا مصدر ہے۔کہا جاتا ہے:نَافَقَ یُنَافِقُ نِفَاقًا وَمُنَافَقَۃً۔جس کا معنی ہے چھپانا اور حقیقت پہ پردہ ڈالنا۔اور منافق کو ’ منافق ‘ اسی لئے کہتے ہیں کہ وہ اپنی حقیقت پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ اور ’ نفاق‘ نَافِقَاء سے ماخوذ ہے جو ’یربوع‘ یعنی ایک قسم کے جنگلی چوہے کے بل سے نکلنے کے راستے کو کہتے ہیں ، کیونکہ بل میں داخل ہونے کیلئے اس کا راستہ الگ ہوتا ہے اور خطرے کے وقت اس سے نکلنے کا راستہ دوسرا ہوتا ہے۔اور وہ نکلنے کے راستے پر پردہ ڈالے رکھتا ہے جس کا باہر سے کسی کو پتہ نہیں چلتا۔ جب اسے بل کے ایک سوراخ سے تلاش کیا جاتا ہے تو وہ دوسرے خفیہ سوراخ سے بھاگ نکلتا ہے۔اسے ’نفاق ‘اس لئے کہا گیا ہے کہ منافق اسلام میں ایک راستے سے داخل ہوتا ہے اور دوسرے راستے سے نکل جاتا ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’نفاق‘ نَفَق سے مشتق ہے جس کا معنی ہے سرنگ، یا وہ سوراخ جس میں چھپنے والا چھپ جاتا ہے۔[1] اور شرعی اصطلاح میں ’نفاق ‘ کا معنی ہے:اسلام کو ظاہر کرنا اور کفر کو دل میں چھپانا۔ یا خیر کو ظاہر کرنا اور شرکو چھپانا۔
Flag Counter