Maktaba Wahhabi

215 - 492
تکملہ ارکان ایمان [ ۱] اہم عناصر خطبہ: 1۔ایمان بالملائکۃ 2۔ ایمان بالکتب پہلا خطبہ برادران اسلام ! گذشتہ خطبۂ جمعہ میں ہم ایمان کی اہمیت وفضیلت کے علاوہ ارکانِ ایمان میں سے ایمان باللہ کی تفصیلات بیان کر چکے ہیں۔ آج کے خطبۂ جمعہ میں بھی ارکان ایمان ہی ہمار ا موضوع ہیں۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں سچا اور حقیقی ایمان نصیب فرمائے۔آمین دوسرا رکن فرشتوں پر ایمان لانا ایمان بالملائکہ یعنی فرشتوں پر ایمان لاناایمان کے ان چھ ارکان میں سے دوسرا رکن ہے جن کے بغیر بندے کا ایمان نہ تو درست ہوتا ہے اور نہ ہی قبول کیا جاتا ہے۔ اور تمام مسلمانوں کا اس بات پر اجماع ہے کہ معزز فرشتوں پر ایمان لانا فرض ہے۔ اگر کوئی شخص ان سب کے وجود کا یا ان میں سے بعض کے وجود کا انکار کرے تووہ کافر ہے اور کتاب وسنت اور اجماع ِ امت کا مخالف ہے۔ 1۔ ایمان بالملائکہ سے کیا مقصود ہے ؟ اس بات پر پختہ اعتقاد رکھنا کہ ’’ملائکہ‘‘ اللہ تعالیٰ کی ایک ایسی مخلوق ہیں جسے اس نے نور سے پیدا فرمایا ہے، وہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت وفرمانبرداری کرتے ہیں اور وہ انھیں جو حکم دیتا ہے وہ کر گزرتے ہیں اور اس کی نافرمانی نہیں کرتے۔ وہ دن رات اس کی تسبیح بیان کرتے ہیں اور اس سے ذرا نہیں اکتاتے۔ان کی تعداد کا علم صرف اللہ تعالیٰ کو ہے اور اس نے ان کے ذمہ مختلف قسم کے فرائض سونپ رکھے ہیں۔
Flag Counter