Maktaba Wahhabi

173 - 492
ان سے پوچھا گیا کہ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ(اُدْعُوْنِیْٓ اَسْتَجِبْ لَکُمْ)’’ تم مجھ سے دعا کرو میں قبول کرونگا ‘‘ لیکن ہم دعا کرتے ہیں تو قبول نہیں ہوتی ، اس کی کیا وجہ ہے ؟ انھوں نے جواب دیا:اس کی وجہ یہ ہے کہ تمھارے دل دس چیزوں کے سبب سے مردہ ہو چکے ہیں: ۱۔ تم نے اللہ تعالی کو پہچانا لیکن اس کا حق ادا نہ کیا۔ ۲۔ تم اللہ کا رزق کھاتے ہو لیکن اس کا شکریہ ادا نہیں کرتے۔ ۳۔ تم قرآن کو پڑھتے ہو لیکن اس پر عمل نہیں کرتے۔ ۴۔ تم شیطان کواپنا دشمن سمجھنے کا دعوی تو کرتے ہو لیکن تم نے اس کواپنا دوست بنا رکھا ہے۔ ۵۔ تم رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ محبت کا دعوی کرتے ہو لیکن تم نے ان کی سنتوں کو چھوڑ دیا ہے۔ ۶۔ تم جنت سے محبت کا دعوی تو کرتے ہو لیکن اس کے حصول کیلئے عمل نہیں کرتے ہو۔ ۷۔ تم جہنم سے خوف کھانے کا دعوی کرتے ہو لیکن گناہوں سے اجتناب نہیں کرتے۔ ۸۔ تم دوسروں کے عیب ڈھونڈتے ہو لیکن اپنے عیبوں پر نظر نہیں ڈالتے۔ ۹۔ تم یہ مانتے ہو کہ موت برحق ہے لیکن اس کیلئے تیاری نہیں کرتے۔ ۱۰۔ تم اپنے مردوں کو دفن کرتے ہو لیکن خود عبرت حاصل نہیں کرتے…تو بتلاؤ تمھاری دعائیں کیسے قبول ہونگی ؟ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمارے حال پر رحم فرمائے ، ہمارا خاتمہ ایمان پر فرمائے اور ہمیں عذاب قبر اور عذاب جہنم سے محفوظ رکھے۔اور ہمیں قبولیتِ دعا کے اسباب اختیار کرنے اور اخلاص کے ساتھ دعا کرنے کی توفیق بخشے اور پھر اسے قبول فرمائے۔
Flag Counter