جواب:اگر مرنے والےکےذمے کوئی قرض وغیرہ نہیں اور نہ ہی اس نے کوئی وصیت کی ہےتو اس کی بیوی کل جائیداد سے آٹھویں حصہ کی حقدار ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے:﴿فَاِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ ﴾[1]’’اگر مرنے والےکی اولاد ہے تو بیویوں کا آٹھواں حصہ ہے۔‘‘ اس کی بیٹیوں کی کل جائیداد سے دو تہائی دیا جائے گا، ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿فَاِنْ كُنَّ نِسَآءً فَوْقَ اثْنَتَيْنِ فَلَهُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَكَ١ۚ ﴾[2]’’اگر لڑکیاں (دو یا) دو سےزیادہ ہیں تو انہیںکل ترکہ سے 2/3دیا جائے۔‘‘ بیوی اور بیٹیوں کو حصہ دینے کےبعد جو باقی بچے اس کے حقدار میت کے بھائی ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’مقررہ حصہ لینے والوں کے بعد جو باقی بچے وہ میت کے مذکر قریبی رشتہ دار کے لیےہے۔‘‘ [3] سہولت کےپیش نظر کل جائیداد کو چوبیس حصوں میں تقسیم کر لیا جائے، ان میں سے تین حصے بیوی کو، سولہ حصے بیٹیوں کو اور باقی پانچ حصے بھائیوں کو دے دئیے جائیں، اس طرح کل جائیداد کو تقسیم کیا جائے۔ بیوی کا کل جائیداد پر قبضہ کر لینا شرعاً جائز نہیں ہے۔ (واللہ اعلم)عیسائی باپ کا ورثہسوال میرا والد بہت مالدار آدمی تھا لیکن وہ عیسائی مذہب رکھتا تھا، میرے دو بھائی اور ایک بہن بھی عیسائی ہیں، جب کہ میں مسلمان ہو چکا ہوں، میرے والد فروری میں کسی حادثہ سے دو چار ہو کر فوت ہو گئےہیں، اس کا بہت سا ترکہ ہے، کیا میں اس کی جائیداد سے حقدار ہوں؟جواب ہم دعا گو ہیںکہ اللہ تعالیٰ آپ کو اسلام پر استقامت دے، دولت اسلام کےمقابلہ میں دنیا کا مال و متاع کوئی حیثیت نہیں رکھتا، شرعی مسئلہ کی وضاحت اس طرح ہےکہ کفر پر مرنے والے شخص کی مسلمان اولاد وارث نہیں ہو سکتی، کیونکہ اسلام لانے سے کفر سےمتعلقہ تمام رشتے کٹ جاتےہیں، چنانچہ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مسلمان، کافر کا اور کافر، کسی مسلمان کا وارث نہیںہو سکتا۔‘‘ [4] بلکہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کےنزدیک تو جائیداد کی تقسیم سےپہلے اگر کوئی مسلمان ہو جائے تو اسے بھی جائیداد سےکچھ نہیںملے گا۔ ہمارے رجحان کےمطابق ایک مسلمان بیٹا اپنے کافر باپ کی جائیداد کا حقدار نہیںہے، اللہ تعالیٰ نے اسے جو اسلام کی دولت دی ہے وہ اسی کو کافی خیال کرے۔ (واللہ اعلم)