حج و عمرہ موجودہ حالات میں حج پر جانا سوال: ایک آدمی حج کے لیے تیار ہے جبکہ دوسری طرف طاغوتی طاقتیں اسلام اور مسلمانوں کو ختم کرنے کے لیے متحد ہو چکی ہیں، کیا ایسے حالات میں حج کے لیے جانا ضروری ہے یا اس کا خرچہ دعوت وجہاد میں صرف کر دینا بہتر ہے؟ کتاب وسنت کی روشنی میں وضاحت کریں۔ جواب: واضح رہے کہ ہوس ملک گیری اور باہمی افتراق نے عالم اسلام کومختلف ٹکڑیوں میں تقسیم کر دیا ہے، نتیجہ کے طور پر آج ہم صحیح اسلامی قیادت سے محروم ہیں اور ناگفتہ بہ حالات سے دوچارہیں، ایک طرف ہمارے پڑوس میں ہندوغنڈے ہماری عزتوں سے کھیل رہے ہیں اور والدین کی آنکھوں کے سامنے ان کی جوان بیٹیوں کی عصمتوں کو تار تار کیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف عام مسلمانوں کی حالت یہ ہے کہ انہیں خواہشات نفس اور دنیا پرستی کے علاوہ کوئی دوسرا فکر دامن گیر نہیں ہے۔ ایسے پرفتن حالات میں طاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کرنا ہمارا ایک اہم فریضہ ہے، صورت مسؤلہ میں اگر حج فرض ہے تو اسے حج ادا کرنا چاہیے اور اپنی بساط کے مطابق دعوت وجہاد میں بھی حصہ لینا چاہیے لیکن ایسا کرنے سے فریضہ حج ساقط نہیں ہو گا۔ اب چونکہ اﷲ تعالیٰ نے اسے فریضہ حج سے سبکدوش ہونے کے لیے موقع فراہم کر دیا ہے اس لیے بہتر یہ ہے کہ اسے ضائع نہ کیا جائے اور دعوت وجہاد کے لیے اپنی ہمت کے مطابق حصہ ڈالتا رہے۔ (واﷲ اعلم) لا علمی میں نجس کپڑوں میں عمرہ ادا کرنا سوال: میں نے عمرہ کیا، فراغت کے بعد مجھے علم ہوا کہ احرام کے کپڑے نجاست آلود تھے، میرے لیے اب کیا حکم ہے، قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب دیں۔ جواب: اگر کسی انسان نے عمرہ کیا اور طواف وسعی کر لینے کے بعد اسے پتہ چلا کہ احرام کی چادروں کو نجاست لگی ہوئی تھی تو اس کا عمرہ مکمل ہے۔ کیونکہ ایسی حالت میں عمرہ ہوا جبکہ اسے نجاست کا علم نہ تھا یا اسے معلوم تھا مگر وہ اسے دھونا بھول گیا، ان دونوں صورتوں میں اس کا عمرہ صحیح ہے، دوبارہ عمرہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿رَبَّنَا لَا تُؤَاخِذْنَاۤ اِنْ نَّسِيْنَاۤ اَوْ اَخْطَاْنَا١ۚ ﴾ [1] |