طرف سےنہیں بلکہ اللہ کی طرف سے نازل شدہ وحی کےمطابق فتویٰ دیتے تھے اور اگر کسی سوال کا جواب دینے کےلیے آپ کےپاس وحی کا علم نہ ہوتا تو خاموش رہتے اور اللہ کی وحی کا انتظار کرتے۔ چنانچہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی صحیح میں ایک عنوان بایں الفاظ قائم کیا ہے:’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے جب کسی چیز کے متعلق سوال کیا جاتا جس کے بارے میں وحی نہ اتری ہوتی تو آپ فرماتے: ’’میں نہیں جانتا‘‘ یا وحی اترنے تک خاموش رہتے اور کچھ جواب نہ دیتے اور آپ نےکوئی مسئلہ اپنی رائے یا قیاس سےنہیں بتایا، کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’ہم نے تمہاری طرف حق کے ساتھ اپنی کتاب نازل فرمائی ہے تاکہ تم لوگوںمیں اس چیز کے مطابق فیصلہ کرو جس سے اللہ نے آپ کو شناسا کیا ہے۔‘‘ [1] پھر امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس دعویٰ کو ثابت کرنے کےلیے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث کا حوالہ دیا ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روح کے متعلق سوال ہوا تو آپ خاموش رہے اور کوئی جواب نہ دیا حتی کہ روح کے بارے میں وہ آیت (۸۵) اتری جو سورۃ الاسراء میں ہے۔ [2] اس کے بعد امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نےاپنے مدعا کو مزید مضبوط کرنے کےلیے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کا ایک واقعہ پیش کیا ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ میں ایک دفعہ بیمار ہوا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ میری تیمارداری کےلیے تشریف لائے، یہ دونوں بزرگ پیدل چل کر آئے تھے، جب یہ حضرات میرےپاس آئے تو مجھے غشی کا دورہ پڑا تھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا، پھر وضو کا پانی مجھ پر چھڑکا، اس سے مجھے کچھ افاقہ ہوا تو میںنے عرض کیا: یا رسول اللہ! میں اپنے مال کے متعلق کس طرح فیصلہ کروں؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے کوئی جواب نہ دیا تا آنکہ میراث سے متعلق آیت نازل ہوئی۔ [3] امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی اس وضاحت سےمعلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے جب کسی ایسی چیز کے متعلق سوال کیا جاتا جس کے متعلق کوئی وحی نہ اتری ہوتی تو آپ کی دو حالتیں ہوتیں، آپ خاموش رہتے یا فرماتے مجھے اس کا علم نہیںہے، عقل و قیاس سے جواب نہ دیتے تھے، جب وحی آتی تو جواب دیتے، بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وحی کے بغیر دینی مسائل کا جواب نہیں دیتے تھے، امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خاموش رہنے کی مثال تو بیان کر دی لیکن لا ادری کہنے کا کوئی واقعہ بیان نہیںکیا، دراصل آپ نے ایک واقعہ کی طرف اشارہ کیا ہے کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا کہ کرۂ ارض میں کون سا خطہ بہتر اور کون سا بدتر ہے، تو آپ نے فرمایا: ’’میںنہیںجانتا ہوں، فرشتہ وحی سے معلوم کر کے بتاؤںگا۔‘‘ چنانچہ فرشتہ وحی لےکر نازل ہوا تو آپ نے سائل کو جواب دیا: ’’بہترین خطّہ اللہ کی مساجد اور بدترین مقام بازار ہیں۔‘‘ [4] شارح بخاری حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ اس کی وضاحت کرتے ہوئےلکھتے ہیں کہ سوالات کا جواب دینے میںلوگوںکی تین اقسام حسب ذیل ہیں: