Maktaba Wahhabi

202 - 728
قال: إني سمعت رسول اللّٰه صلی اللّٰه علیہ وسلم یقول: (( قال اللّٰه تعالیٰ: قسمت الصلاۃ بیني وبین عبدي نصفین )) [1] الحدیث (رواہ مسلم، مشکوۃ، ص: ۷۰) [(راوی) کہتے ہیں کہ میں نے رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ’’ الله تعالیٰ نے فرمایا: میں نے نماز (سورۃ الفاتحہ) کو اپنے اور اپنے بندے کے درمیان نصف نصف تقسیم کر دیا] سوال: بعد نماز فرائض پنج گانہ کے خود رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم سے دعا میں ہاتھ کا اُٹھانا اور بعد ختم دعا کے منہ پر پھیرنا ثابت ہے یا نہیں ؟ جواب: بلوغ المرام کے ’’باب الذکر و الدعاء‘‘ میں ہے: عن سلمان رضی اللّٰه عنہ قال قال رسول اللّٰه صلی اللّٰه علیہ وسلم : (( إن ربکم حیي کریم، یستحي من عبدہ، إذا رفع یدیہ إلیہ أن یردھما صفرا )) أخرجہ الأربعۃ إلا النسائي، وصححہ الحاکم[2] ’’سلمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بے شک تمھارا رب بڑا ہی حیا دار اور با کرم ہے کہ جب بندہ اپنے ہاتھوں کو اس کی طرف اٹھاتا ہے تو اس کو شرم آتی ہے کہ بندے کے ہاتھوں کو خالی پھیرے۔‘‘ اس حدیث کو ابو داود، ترمذی، ابن ماجہ نے روایت کیا اور حاکم نے اس کو صحیح کہا ہے۔ اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ عموماً دعا میں ہاتھوں کو اٹھانا مندوب و مستحب ہے۔ سنن ابی داود (ص: ۲۱۰) میں ہے: ’’عن ابن عباس قال: المسئلۃ أن ترفع یدیک حذو منکبیک‘‘[3] (الحدیث) ’’ابنِ عباس رضی اللہ عنہما نے کہا ہے کہ مسئلہ، یعنی خدائے تعالیٰ سے اپنی حاجتوں کو مانگنے کا طریقہ یہ ہے کہ اپنے ہاتھوں کو اپنے مونڈھوں تک اٹھائے۔‘‘ حافظ جلال الدین سیوطی رحمہ اللہ نے کتاب ’’فض الوعاء في أحادیث رفع الیدین في الدعاء‘‘ (ص: ۳) میں فرمایا: ’’رجالہ رجال الصحیح إلا العباس، ولا بأس بہ‘‘ اھ۔’’اس حدیث کے سب راوی، سوائے عباس بن عبد الله کے، صحیح کے راوی ہیں اور عباس بن عبد الله بھی ’’لا بأس بہ‘‘ ہے۔‘‘ یعنی وہ بھی مقبول راوی ہے۔ اس حدیث سے بھی وہی امر ثابت ہوتا ہے، جو پہلی حدیث سے ثابت ہوا تھا کہ عموماً دعا میں ہاتھوں کا اٹھانا منجملہ مندوبات و مستحبات ہے اور بلوغ المرام کے باب مذکور میں ہے: ’’عن عمر رضی اللّٰه عنہ قال: کان رسول اللّٰه صلی اللّٰه علیہ وسلم إذا مد یدیہ في الدعاء، لم یرد ھما حتی یمسح بھما وجھہ، أخرجہ الترمذي، ولہ شواھد، منھا عند أبي داود من حدیث ابن عباس وغیرھا، و مجموعھا یقتضي أنہ حدیث حسن‘‘[4]اھ۔
Flag Counter