Maktaba Wahhabi

83 - 313
﴿مَا یَفْتَحِ اللّٰہُ لِلنَّاسِ مِنْ رَّحْمَۃٍ فَلاَ مُمْسِکَ لَہَا وَ مَا یُمْسِکْ فَلاَ مُرْسِلَ لَہٗ مِنْ م بَعْدِہٖ وَ ہُوَ الْعَزِیْزُ الْحَکِیْمُ ﴾ (فاطر:۲) ’’جو کچھ اللہ لوگوں کے لیے رحمت میں سے کھول دے تو اسے کوئی بند کرنے والا نہیں اور جو بند کردے تو اس کے بعد اسے کوئی کھولنے والا نہیں اور وہی سب پر غالب، کمال حکمت والا ہے۔‘‘ اس آیت میں اللہ تعالیٰ کی قدرتِ کاملہ ہی کا بیان ہے اور مشرکین کو خبردار کیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ فرشتے ہوں یا جن، یا دیگر تمام معبودانِ باطلہ جن کی تم عبادت کرتے ہو وہ کسی نفع ونقصان کے مالک نہیں۔ ان کو نافع وضار سمجھنا محض تمہاری اختراعات ہیں۔ ﴿مِنْ رَّحْمَۃٍ ﴾ کہ اپنی رحمتوں میں سے کوئی رحمت یا اس کا کوئی حصہ، وہ رزق ہو، بارش ہو، صحت وعافیت ہو، مال ہو، اولاد ہو، یا رحمتِ سماوی ہو یا ارضی۔ ہر قسم کی رحمت ونعمت کو شامل ہے۔ حتی کہ رسول کا بھیجنا بھی رحمت، ہدایت اور صراطِ مستقیم کی توفیق بھی رحمت، معاصی کے بعد توبہ کی توفیق بھی رحمت، حیاتِ جسمانی کے ساتھ حیاتِ قلبی بھی رحمت ونعمت۔ ﴿اَلَمْ تَرَوْا اَنَّ اﷲَ سَخَّرَ لَکُمْ مَّا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ وَ اَسْبَغَ عَلَیْکُمْ نِعَمَہٗ ظَاہِرَۃً وَّ بَاطِنَۃً﴾ [1] ’’کیا تم نے نہیں دیکھا کہ بے شک اللہ نے جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے تمہاری خاطر مسخر کردیا ہے اور تم پر اپنی کھلی اور چھپی نعمتیں پوری کردیں۔‘‘
Flag Counter