Maktaba Wahhabi

46 - 313
کیا۔ شائقین ’’دعا اور دوا کے مسنون آداب‘‘ مرتبہ مولانا عبدالخالق حفظہ اللہ اور حصن المسلم للشیخ سعید بن علی القحطانی ترجمہ مولانا حافظ عبدالسلام صاحب زید مجدہ ملاحظہ فرمائیں۔ (۱۰) الحمد للہ کے بعض جامع کلمات: اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی حمد وثنا کی فضیلت اور اس کے اجر وثواب کا پہلے مختصراً ذکر ہوا ہے۔ اللہ کی حمد کا بہت جامع کلمہ وہ ہے جس سے اللہ تعالیٰ نے اپنے کلامِ پاک کا آغاز کیا ہے۔ اور وہ ہے ﴿اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْن﴾ احادیث مبارکہ میں بھی بعض جامع کلماتِ تسبیح وتحمید کا ذکر آیا ہے۔ جن میں سے بعض کلمات کا ہم یہاں ذکر کرتے ہیں: ۱: پہلے ذکر ہوا ہے ’سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلاَ اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُ‘ یہ چار کلمات اللہ تعالیٰ کے ہاں بڑے محبوب، بڑے افضل اور بڑی خیر وبرکات کے حامل ہیں۔ معراج کی رات حضرت ابراہیم علیہ السلام نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے فرمایا تھا کہ میرا سلام اپنی امت کو دینا اور ان کلمات کو پڑھنے کا بتلانا۔[1] ایک صحابی نے صحیح طور پر قرآن پاک نہ پڑھ سکنے کا عذر پیش کرتے ہوئے عرض کیا کہ کچھ کلمات بتلا دیجیے جو قرآنِ پاک نہ پڑھنے کی کمی کو کفایت کرسکیں۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہی کلماتِ اربعہ کے پڑھنے کا حکم دیا۔[2] بعض روایات میں ان کے ساتھ ’’ولا حول ولا قوۃ الا باللہ‘‘ کا ذکر بھی آیا ہے۔ ۲: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: دو کلمے رحمن کے ہاں بڑے محبوب ہیں، پڑھنے میں نہایت آسان ہیں، میزان میں بڑے بھاری ہیں: سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ، سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیْمِ[3]
Flag Counter