Maktaba Wahhabi

42 - 313
(۹) مقامات حمد: الحمد للہ کہنا اللہ تعالیٰ کے قرب ورضا کا باعث ہے اور یہ کلمہ اللہ کی حمد وثنا ہے، کلمۂ توحید ہے، کلمۂ شکر ہے، اور کلمۂ دعا بھی ہے۔ جس کا اہتمام مقصود ومحبوب ہے۔ مگر بعض اوقات اور مقامات پر اس کا اہتمام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور بہت سی خیر وبرکات کا باعث ہے۔ ان تمام مقامات کا احاطہ تو یہاں مشکل ہے البتہ موضوع کی مناسبت سے بعض مواضع کا ہم یہاں ذکر کرتے ہیں۔ ۱: کھانے پینے کے بعد: اللہ تعالیٰ نے بھی حلال وطیب کھانا کھا کر شکر کا حکم دیا ہے۔ چناں چہ ارشاد فرمایا: ﴿یٰٓاَیُّہَا الَّذِیْنَ ٰامَنُوْا کُلُوْا مِنْ طَیِّبٰتِ مَا رَزَقْنکُمْ وَ اشْکُرُوْا لِلّٰہِ اِنْ کُنْتُمْ اِیَّاہُ تَعْبُدُوْنَ ﴾ [1] ’’اے ایمان والو! ان پاکیزہ چیزوں میں سے کھاؤ جو ہم نے تمہیں عطا فرمائی ہیں اور اللہ کا شکر کرو اگر تم صرف اسی کی عبادت کرتے ہو۔‘‘ صحیح مسلم میں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: إنَّ اللّٰہَ لَیَرْضَی عَن الْعَبْدِ أَنْ یَّاکُلَ الْأَکْلَۃَ فَیَحْمَدَہٗ عَلَیْہَا أَوْیَشْرَبَ الشَّرْبَۃَ فَیَحْمَدَہٗ عَلَیْہَا۔‘ [2] ’’بے شک اللہ اپنے اس بندے سے راضی ہوتا ہے جو ایک مرتبہ کھانا کھاتا ہے تو اس پر اللہ کا شکر بجا لاتا ہے۔ یا ایک مرتبہ پانی پیتا ہے تو اس پر اللہ کا شکر کرتا ہے۔‘‘ چناں چہ کھانے کے بعد ایک دعا حضرت معاذ رضی اللہ عنہ بن انس سے یوں مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے کھانا کھانے کے بعد یوں کہا:
Flag Counter