فرمایا: ﴿اِنَّہٗ غَفُوْرٌ شَکُوْرٌ﴾ کہ وہ اپنے ان اطاعت گزاروں کی خطاؤں کو بخشنے والا ہے۔ اعمال میں کوتاہی ہوگی تب بھی پردہ پوشی فرما کے بخش دیتا ہے۔ وہ ایک ایک غلطی پر مواخذہ نہیں فرمائے گا بلکہ نیکیاں زیادہ ہوں گی تو معاف فرما دے گا۔ وہ ’’غفور‘‘ کے ساتھ ’’شکور‘‘ بھی ہے کہ وہ معمولی نیکی کو اپنی تمام تر عظمتوں کے باوجود، نظر انداز نہیں کرے گا۔ اس نے تو کتے کو پانی پلانے والی عورت کو بخش دیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کا معاملہ انسانوں کے ساتھ بہرحال اس سے بلند تر ہے۔ |