Maktaba Wahhabi

186 - 265
حجاج: ’’تو ہی بتا میں تجھے کس طرح قتل کروں۔‘‘ سعیدرحمہ اللہ: ’’نہیں تو خود پسند کر۔ کیونکہ جس طریقے سے تو مجھے قتل کرے گا قیامت والے دن اللہ تعالیٰ تجھے اسی طرح کی سزا دے گا۔‘‘ حجاج: ’’کیا تو چاہتا ہے کہ میں تجھے معاف کروں؟‘‘ سعید: ’’اگر معافی ملی تو وہ اللہ کی طرف سے ملے گی لیکن تجھے کوئی معافی نہیں ملے گی اور نہ ہی تیرے پاس کوئی عذر ہوگا۔‘‘ حجاج نے حکم دیا: ’’اسے لے جاؤ اور قتل کردو۔‘‘ دروازے پر پہنچے تو سعید بن جبیررحمہ اللہ ہنسنے لگے۔ حجاج کو یہ بات بتائی گئی تو اس نے انھیں واپس لانے کا حکم دیا اور کہا: ’’کس بات پر ہنس رہے تھے؟‘‘ سعیدرحمہ اللہ : ’’اللہ تعالیٰ پر تیری جرأت کے اظہار پر اور اللہ کے تجھ سے درگزر کرنے پر مجھے تعجب ہوا۔‘‘ حجاج: ’’اسے قتل کردو۔‘‘ سعیدرحمہ اللہ : ’’(دعا پڑھتے ہوئے) : ’’إِنِّي وَجَّہْتُ وَجْہِيَ لِلَّذِي فَطَرَ السَّمَوَاتِ وَالْأَرْضَ حَنِیفًا مُّسْلِمًا وَّ مَا أَنَا مِنَ الْمُشْرِکِینَ۔‘‘ حجاج: ’’اس کا منہ قبلے کی طرف سے ہٹا دو۔‘‘ سعیدرحمہ اللہ :(آیت پڑھتے ہوئے) ﴿ فَأَيْنَمَا تُوَلُّوا فَثَمَّ وَجْهُ اللَّهِ﴾ ’’تم جہاں بھی منہ پھیرو وہیں اللہ کی ذات ہے۔‘‘[1]
Flag Counter