Maktaba Wahhabi

260 - 677
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و سنن جیسے ہجرت، واقعہ افک، آپ کے مشہور غزوات مثلاً بدر، احد، خندق اور بنی قریظہ۔ اسی طرح نماز خوف کی تفصیل غزوہ ذات الرقاع، فتح مکہ کے موقع پر عورتوں کی بیعت، حجۃ الوداع کے اہم واقعات، خلفائے اربعہ، سیّدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی خلافت کے اہم واقعات و تغیرات کو نہایت تفصیل اور باریک بینی سے بیان کیا۔ ہم یہاں بطور مثال سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہونے والی پہلی وحی کی بابت نقل کرتے ہیں ۔ وہ فرماتی ہیں : ’’ابتدائے نبوت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نیند میں سچے خواب نظر آتے تھے۔ آپ جو خواب بھی دیکھتے وہ صبح کی پو پھوٹنے کی مانند ظاہر ہوتا۔ پھر آپ خلوت پسند ہو گئے۔ آپ غارِ حراء میں چلے جاتے اور اس میں عبادت کرتے اور مسلسل چند راتوں تک عبادت کرتے رہتے۔ پھر آپ اپنے اہل خانہ کے پاس لوٹتے اور وہاں سے اپنی خور و نوش کی چیزیں لے کر واپس غار میں چلے جاتے۔ پھر جب وہ ختم ہو جاتیں تو سیّدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کے پاس آتے اور چند دنوں کے لیے زادِ سفر لے جاتے۔ بالآخر اچانک آپ تک حق پہنچ گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت غار حراء میں تھے ، ایک فرشتہ آیا اور اس نے کہا: آپ پڑھئے۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میں پڑھا ہوا نہیں ہوں ۔‘‘ آپ نے فرمایا: ’’اس نے مجھے پکڑا اور مجھے اپنے ساتھ لپٹا لیا اور خوب بھینچا، پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: آپ پڑھئے۔ میں نے کہا: ’’میں پڑھا ہوا نہیں ہوں ۔‘‘ اس نے دوسری بار مجھے پکڑا اور اپنے ساتھ لپٹا لیا اور خوب بھینچا۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: آپ پڑھئے۔ میں نے کہا: ’’میں پڑھا ہوا نہیں ۔‘‘ اس نے تیسری بار مجھے پکڑا اور اپنے ساتھ لپٹا لیا۔ اور خوب بھینچا۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: ﴿ اقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ () خَلَقَ الْإِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ () اقْرَأْ وَرَبُّكَ الْأَكْرَمُ () الَّذِي عَلَّمَ بِالْقَلَمِ () عَلَّمَ الْإِنْسَانَ مَا لَمْ يَعْلَمْ ﴾ (العلق: ۱۔۵) ’’اپنے رب کے نام سے پڑھ جس نے پیدا کیا۔ اس نے انسان کو ایک جمے ہوئے خون سے پیدا کیا۔ پڑھ اور تیرا رب ہی سب سے زیادہ کرم والا ہے۔ وہ جس نے قلم کے ساتھ سکھایا۔ اس نے انسان کو وہ سکھایا جو وہ نہیں جانتا تھا۔ ‘‘
Flag Counter