Maktaba Wahhabi

27 - 677
کتاب کے متعلق علماء کی تقریظات الشیخ عبدالعزیز بن عبداللّٰہ بن محمد آل الشیخ، مفتي اکبر، سعودي عرب علماء و اکابرین پر مشتمل کمیٹی کے چیئر مین ہیں نیز ’’مکتب الدعوۃ والارشاد‘‘ کے صدر ہیں ۔ وہ کہتے ہیں : ’’یہ بابرکت انسائیکلو پیڈیا اس حقیقت کی دلیل ہے کہ ہمیشہ کی طرح ہر زمانے میں اور اب تک اس اُمت میں سچے محقق علماء موجود ہیں جو موجودہ زمانے کے فتنوں سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ وہ اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت و آبرو کا جرأت مندانہ دفاع کر رہے ہیں ۔ وہ ظالم بہتان تراشوں کی فضول یاوہ گوئیوں کا بھر پور علمی طریقہ سے ردّ کر رہے ہیں ۔ درحقیقت یہ بہتان تراش نبی معصوم صلی اللہ علیہ وسلم کے دشمن ہیں جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بیت اطہر پر عیب جوئی کرتے ہیں اور خاص طور پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواجِ مطہرات کی سردار عفیفۂ کائنات سیّدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا پر۔ یہ حق گو علماء کما حقہ ام المؤمنین کے دفاع پر ڈٹے ہوئے ہیں اور ہمیشہ کی طرح سیّدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے فضائل اور ان کی سیرت طیبہ کے محاسن اُجاگر کرنے میں کوشاں رہتے ہیں ۔ وہ یہ عمل باریک و محکم علمی و تحقیقی انداز میں سر انجام دے رہے ہیں ۔ ان کے دلائل دشمنانِ ملت و دین کے لیے ہمیشہ سر پھوڑ ثابت ہوئے ہیں جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے اس پاکیزہ عمل کی تصدیق کرنے کے انداز میں فرمایا: ﴿ وَيَأْبَى اللّٰهُ إِلَّا أَنْ يُتِمَّ نُورَهُ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ﴾ (التوبہ: ۳۲) ’’اور اللہ نہیں مانتا مگر یہ کہ اپنے نور کو پورا کرے، خواہ کافر لوگ برا جانیں ۔‘‘ وَصَلَّی اللّٰہُ وَسَلَّمَ عَلٰی نَبِیِّنَا مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی آلِہٖ وَصَحْبِہٖ اَجْمَعِیْنَ۔ ٭٭٭
Flag Counter