Maktaba Wahhabi

312 - 492
لیکن کامیاب ہے وہ انسان جو ان پریشانیوں اور آزمائشوں کو برداشت کر جاتا ہے اور مکمل طور پر صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتا ہے اور اللہ تعالی کی تقدیر پر راضی ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالی قرآن مجید میں مختلف آزمائشوں کا ذکر کرنے کے بعد ارشاد فرماتا ہے: ﴿ وَبَشِّرِ الصَّابِرِیْنَ ٭ الَّذِیْنَ إِذَا أَصَابَتْہُمْ مُّصِیْبَۃٌ قَالُوْا إِنَّا لِلّٰہِ وَإِنَّا إِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ٭ أُولٰئِکَ عَلَیْہِمْ صَلَوَاتٌ مِّنْ رَّبِّہِمْ وَرَحْمَۃٌ وَّأُولٰئِکَ ہُمُ الْمُہْتَدُوْنَ﴾ ’’اور آپ(اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم !)صبر کرنے والوں کو خوشخبری دے دیجئے جنھیں جب کوئی مصیبت لاحق ہوتی ہے تو وہ کہتے ہیں:ہم یقینا اللہ ہی کے ہیں اور ہمیں اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ایسے ہی لوگوں پر اللہ تعالیٰ کی نوازشیں اور رحمت ہوتی ہے۔ اور یہی لوگ ہدایت یافتہ ہیں۔‘‘[1] جو شخص آزمائشوں وپریشانیوں میں گھرا رہتا ہو اور اس کے ساتھ ساتھ اللہ کی تقدیر پر بھی راضی رہتا ہو ، آزمائشوں کی وجہ سے وہ اللہ تعالی کی نافرمانی کرنے پر آمادہ نہ ہو بلکہ ہمیشہ اللہ کا شکر ادا کرتا رہے ، صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتا رہے ، اپنی زبان پر کبھی حرف شکایت نہ لائے… تو ایسا شخص یقینی طور پر کامیاب ہے اور اسی کیلئے خوشخبری ہے کہ دنیا میں ٹھیک ہے تم نے مصیبتیں جھیلیں ، پریشانیاں برداشت کیں ، اللہ کی تقدیر پر راضی رہا ، خاتمہ ایمان پر ہو گیا تو اب مرنے کے بعد جو راحتیں تمھیں ملیں گی ، جو سکون نصیب ہو گا ، جو اللہ کی رحمتیں ہونگی ان کا اندازہ بھی نہیں کیا جا سکتا۔ مگر بعض لوگ پریشانیوں ، مصیبتوں اور آزمائشوں میں زندگی سے مایوس ہو جاتے ہیں اور آخر کار اپنے لئے ایک مشکل فیصلہ کر لیتے ہیں۔وہ یہ سوچتے ہیں کہ اب دنیا میں ان کے زندہ رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ، اس لئے وہ اپنے آپ کو مار ڈالتے ہیں اور خود اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کردیتے ہیں ! یہ فیصلہ ان کیلئے تباہی وبربادی کا سبب بن جاتا ہے۔دنیا میں تو وہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرہی لیتے ہیں لیکن آخرت میں اللہ تعالی نے ان کیلئے جو عذاب تیار کیا ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ان آزمائشوں اور مصیبتوں کا خوفناک پہلو ہے جس کو ’’ خود کشی ‘ کہتے ہیں۔ خود کشی کرنا بہت بڑا گناہ ہے اللہ تعالی نے خود کشی کو حرام قراردیا ہے۔اس کا فرمان ہے: ﴿ وَ لَا تَقْتُلُوْٓا اَنْفُسَکُمْ اِنَّ اللّٰہَ کَانَ بِکُمْ رَحِیْمًا ٭ وَمَنْ یَّفْعَلْ ذٰلِکَ عُدْوَانًا وَّ ظُلْمًا فَسَوْفَ نُصْلِیْہِ نَارًا وَکَانَ ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ یَسِیْرًا ﴾ ’’اور تم اپنے آپ کوقتل نہ کرو ، بلا شبہ اللہ تعالی تم پر بہت مہربان ہے۔اور جو شخص از راہ ظلم وزیادتی ایسا کرے
Flag Counter