Maktaba Wahhabi

150 - 492
دعا سب سے افضل عبادت کیوں ہے ؟ اس لئے کہ اس میں بندہ اللہ رب العزت کے سامنے غایت درجے کی عاجزی وانکساری کا اظہار کرتے ہوئے اپنے آپ کو کم تر گردانتا ہے۔اور اللہ تعالی کی قدرت کاملہ کا دل کی گہرائیوں سے اعتراف کرتے ہوئے اپنے آپ کو گویابے بس قرار دیتا ہے۔پھر اس کا دل اللہ کی طرف متوجہ ہوتا ہے ، اس کے دل میں صرف اسی سے امیدیں ہوتی ہیں ،اسی کا خوف ہوتا ہے اور اسی پر بھروسہ ہوتاہے۔ وہ اپنی زبان سے اس کی تسبیح وتقدیس اور حمد وثناء بیان کرتا ہے۔اور اپنے پورے جسم کو اس کے سامنے جھکا تے ہوئے گویا وہ اس بات کا اقرار کر رہا ہوتا ہے کہ اے اللہ ! میں تیری توفیق کے بغیر کچھ بھی کرنے کی طاقت نہیں رکھتا اور جب تک تیری مدد نہیں ہو گی میں اپنی مشکلات سے نجات نہیں پا سکتا۔ گویا دعا میں دعا کرنے والے کا دل ، اس کی زبان اور اس کا پورا جسم اللہ تعالی کی عبادت میں مشغول ہوتا ہے اس لئے اسے سب سے افضل عبادت قرار دیا گیا ہے۔ بلکہ ایک حدیث شریف میں تونبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا کو ہی عبادت قرار دیا ہے۔فرمایا: (اَلدُّعَائُ ہُوَ الْعِبَادَۃُ)’’ دعا ہی عبادت ہے۔‘‘ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت تلاوت کی: ﴿ وَقَالَ رَبُّکُمْ ادْعُوْنِیْٓ اَسْتَجِبْ لَکُمْ اِِنَّ الَّذِیْنَ یَسْتَکْبِرُوْنَ عَنْ عِبَادَتِیْ سَیَدْخُلُوْنَ جَہَنَّمَ دَاخِرِیْنَ ﴾ ’’ اور تمھارے رب کا حکم ہے کہ تم مجھ سے دعاکرو میں تمھاری دعا قبول کروں گا۔بے شک وہ لوگ جو میری عبادت سے تکبر کرتے ہیں وہ ذلیل وخوار ہو کرعنقریب جہنم میں داخل ہونگے۔‘‘[1] اس آیت کریمہ میں اللہ تعالی نے دعا کرنے کا حکم دیتے ہوئے دعاؤں کو قبول کرنے کی خوشخبری سنائی ہے۔ پھر دعا کو عبادت قرار دیتے ہوئے ارشاد فرمایا ہے کہ جو لوگ اپنے آپ کو بڑا سمجھتے ہوئے دعا سے اعراض کرتے ہیں وہ ذلت وخواری کے ساتھ جہنم رسید ہو جائیں گے۔ دعا ہی عبادت کیوں ہے ؟ اس لئے کہ دعا ہر عبادت کا اہم رکن ہے۔یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا(اَلْحَجُّ عَرَفَۃُ)یعنی ’’حج وقوفِ عرفہ ہے۔‘‘ وقوفِ عرفہ چونکہ حج کا سب سے اہم رکن ہے ، اس لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے ہی حج قرار دیا۔اسی طرح چونکہ دعا بھی ہر عبادت کا سب سے اہم رکن ہے ، اس لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا کو ہی عبادت قرار دیا۔ اس کے علاوہ ہر عبادت کا مقصد اور اس کا لب لباب دعا ہی ہے۔چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ نماز جیسی اہم عبادت
Flag Counter