Maktaba Wahhabi

266 - 465
٭ یا اپنی ضروریات کو پورا کرنے میں اللہ کے علاوہ کسی اور پر توکل کرتے ہیں……یہ بھی شرک ہے۔ ٭ یا مشکلات کے وقت اللہ کے علاوہ کسی اور کو غوث اور مشکل کشا سمجھتے ہوئے اسے پکارتے ہیں……یہ بھی شرک ہے۔ ٭ یا اللہ کے علا وہ کسی اور سے امیدیں رکھتے یا ان سے خوف کھاتے ہیں……یہ بھی شرک ہے۔ الغرض یہ ہے کہ کوئی بھی عبادت غیر اللہ کیلئے سر انجام دینا شرک اکبر ہے۔اور یہ ایسا گناہ ہے کہ اگر ایک مشرک دنیا میں اس سے سچی توبہ نہ کرے اور اس کی موت شرکیہ عقیدے پر آجائے تو قیامت کے روز اللہ تعالی اس کے اس گناہ کو معاف نہیں کرے گا۔اور جہنم اس کا دائمی ٹھکانا ہو گی۔والعیاذ باللہ اللہ تعالی کا فرمان ہے : ﴿ اِنَّ اللّٰہَ لَا یَغْفِرُ اَنْ یُّشْرَکَ بِہٖ وَ یَغْفِرُ مَا دُوْنَ ذٰلِکَ لِمَنْ یَّشَآئُ وَمَنْ یُّشْرِکْ بِاللّٰہِ فَقَدْ ضَلَّ ضَلٰلًا بَعِیْدًا ﴾[1] ’’ بے شک اﷲ تعالیٰ اپنے ساتھ شرک کئے جانے کو معاف نہیں کرتا اور اس کے علاوہ دیگر گناہوں کو جس کے لئے چاہتا ہے معاف کردیتا ہے۔اور جو شخص اﷲ کے ساتھ شریک بناتا ہے وہ بہت دور کی گمراہی میں چلا جاتا ہے۔‘‘ اسی طرح اس کا فرمان ہے : ﴿اِنَّہٗ مَنْ یُّشْرِکْ بِاللّٰہِ فَقَدْ حَرَّمَ اللّٰہُ عَلَیْہِ الْجَنَّۃَ وَ مَاْوٰہُ النَّارُ وَ مَا لِلظّٰلِمِیْنَ مِنْ اَنْصَارٍ ﴾[2] ’’ یقین مانو کہ جو شخص اﷲ کے ساتھ شرک کرتا ہے اﷲ تعالیٰ نے اس پر جنت حرام کردی ہے اور اس کا ٹھکانا جہنم ہی ہے۔اور ظالموں کیلئے کوئی مدد گار نہ ہونگے۔‘‘ 2۔جادو کرنا سات مہلک گناہوں میں سے دوسرا گناہ جادو کرنا ہے۔اور جادو کے لئے عربی زبان میں سِحْر کالفظ استعمال ہوتا ہے جس کی تعریف علماء نے یوں کی ہے: ’’سحر وہ عمل ہے جس میں پہلے شیطان کا قرب حاصل کیا جاتا ہے اور پھر اس سے مدد لی جاتی ہے۔‘‘ جبکہ عربی زبان کے مشہور امام الأزھری کہتے ہیں کہ ’’سحر دراصل کسی چیز کو اس کی حقیقت سے پھیر دینے کا نام ہے۔‘‘ [3]
Flag Counter