Maktaba Wahhabi

128 - 465
ایمان کی لذت اور اس کا مٹھاس اہم عناصرِ خطبہ : 1۔ایمان کی لذت اور اس کے مٹھاس کو پانے کے تین اسباب 2۔اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے بے انتہا محبت 3۔اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کی علامات اور اس کے ثمرات 4۔محض اللہ کی رضا کیلئے محبت اور اس کے فضائل 5۔ایمان پر ثابت قدمی کی اہمیت اور اس کے فضائل پہلا خطبہ محترم حضرات ! ’ایمان ‘ انسان کی کامرانی وکامیابی کی بنیاد اور اساس ہے۔اور ایک سچے مومن کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ایمان کی لذت اور اس کے مٹھاس کو محسوس کرے۔ سوال یہ ہے کہ ’ایمان ‘کی لذت اور اس کے مٹھاس کو محسوس کرنا کیسے ممکن ہے ؟ اور وہ کونسے اسباب ہیں کہ جنھیں اختیار کیا جائے تو ایک مومن کو اس کے ایمان کی لذت اور اس کا مٹھاس محسوس ہوتا ہے ؟ اسی سوال کا جواب آج ہم اپنے خطبۂ جمعہ میں دینے کی کوشش کریں گے۔ان شاء اللہ تعالی۔ اورآگے بڑھنے سے پہلے ہم یہ واضح کرتے چلیں کہ ایمان کی لذت کو پانے سے مراد کیا ہے ؟ ایمان کی لذت کو پانے سے مراد یہ ہے کہ ٭ ایک سچے مومن کو عبادات کے ذریعے انشراح ِ صدر اور اطمینان ِ قلب نصیب ہوتا ہے۔ ٭ وہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی فرمانبرداری کو پسند کرتا اور نافرمانی کو نا پسند کرتا ہے۔ ٭ اس کے سامنے جب ’اللہ ‘کا ذکر کیا جائے تو اس کا دل دہل جاتا ہے اور اللہ کی آیات پڑھی جائیں تو اس کے ایمان میں اضافہ ہوتا ہے۔ ٭ وہ اعمال ِ صالحہ سے محبت کرتا اور برائیوں اور گناہوں سے نفرت کرتا ہے۔ ٭ اور جب اس سے کوئی برا عمل سرزد ہوتا ہے تو وہ فورا استغفار کرتا اور سچی توبہ کرتا ہے۔وہ اللہ کی طرف لوٹتا اور رجوع کرتا ہے۔پھر اس کے سامنے ندامت و شرمندگی اورعاجزی وانکساری کا اظہار کرتا ہے۔
Flag Counter