Maktaba Wahhabi

48 - 465
امر بالمعروف ونہی عن المنکر اہم عناصرِ خطبہ : 1۔امر بالمعروف ونہی عن المنکر کی اہمیت 2۔امر بالمعروف ونہی عن المنکر کے فضائل وفوائد 3۔امر بالمعروف ونہی عن المنکر کی شروط 4۔انکار ِ منکر کے مراتب 5۔امر بالمعروف ونہی عن المنکر کو چھوڑنے کے خطرناک نتائج 6۔امر بالمعروف ونہی عن المنکرکیلئے قدوۂ حسنہ کی اہمیت پہلا خطبہ محترم حضرات ! اگر ہم معاشرے پر سرسری سی نظر دوڑائیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بہت ساری خرابیاں موجودہیں اور لوگوں میں بہت زیادہ بد عملی پائی جاتی ہے۔ہمارے خیال میں اس کے دو بنیادی اسباب ہیں : 1۔ایمان کی کمزوری اور اس کے مقابلے میں شر اور برائی کا پوری طاقت کے ساتھ حملہ آور ہونا۔ 2۔امر بالمعروف اور نہی عن المنکرکا خاطر خواہ اہتمام نہ کرنا۔ یہی دوسرا سبب آج ہمارے خطبۂ جمعہ کا موضوع ہے۔ ٭ امر بالمعروف اور نہی المنکر دین اسلام کے فرائض میں سے ایک اہم فریضہ ہے۔ ٭ اگر تمام لوگ اپنی اپنی استطاعت کے مطابق اِس ذمہ داری کو پورا کریں تو معاشرے میں برائیاں بہت حد تک کم ہو سکتی ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ اگر اسلامی حکومت بھی اس سلسلے میں اپنا کر دار ادا کرے تو معاشرہ بہت حد تک برائیوں سے پاک ہو سکتا ہے۔ ٭ ’معروف‘ کا حکم دینے سے نیکی کا جذبہ پیدا ہو تا ہے۔اور ’ منکر ‘ سے منع کرنے سے برائیوں سے نفرت پیدا ہوتی ہے۔
Flag Counter