Maktaba Wahhabi

264 - 465
سات مہلک گناہ ! اہم عناصرِ خطبہ : 1۔سات مہلک گناہ کون سے ہیں ؟ 2۔سات مہلک گناہوں کا اجمالی تذکرہ 3۔سات مہلک گناہوں کا تفصیلی تذکرہ پہلا خطبہ محترم حضرات ! بحیثیت مسلمان ہم سب پر یہ لازم ہے کہ ہم اللہ تعالی اور اس کے رسول جناب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت وفرمانبرداری کریں۔اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات پر عمل کریں اور ممنوعات ومحرمات سے اپنے دامن کوبچائیں۔اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی سے اجتناب کریں، اور ان تمام گناہوں اور برائیوں سے پرہیز کریں جو ہمارے لئے دنیا وآخرت میں نقصان دہ ہیں اور جو اللہ تعالی کی ناراضگی کا سبب بنتی ہیں۔ایک مسلمان کیلئے خواہ وہ مرد ہو یا عورت ‘ ویسے تو تمام گناہوں سے بچنا ضروری ہے، تاہم کچھ گناہ ایسے ہیں جن سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خصوصی طور پر بچنے کا حکم دیا ہے۔ آج کے خطبۂ جمعہ کا موضوع صحیح بخاری اور صحیح مسلم کی متفق علیہ حدیث ہے، جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سات مہلک گناہوں سے بچنے کی تلقین فرمائی۔آئیے سب سے پہلے وہ حدیث سماعت کیجئے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (( اِجْتَنِبُوا السَّبْعَ الْمُوْبِقَاتِ )) ’’ تم سات ہلاک کردینے والے گناہوں سے اجتناب کرتے رہنا۔‘‘ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کہنے لگے : ( وَمَاہُنَّ یَا رَسُولَ اللّٰہِ ؟ ) ’’ یا رسول اللہ ! وہ کونسے ہیں ؟ ‘‘ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ((اَلشِّرْکُ بِاللّٰہِ )) ’’ اللہ کے ساتھ شرک کرنا۔‘‘ (( وَالسِّحْرُ )) ’’اور جادو کرنا۔‘‘ (( وَقَتْلُ النَّفْسِ الَّتِیْ حَرَّمَ اللّٰہُ إِلَّا بِالْحَقِّ )) ’’ اور اُس جان کو قتل کرنا جسے قتل کرنا اللہ نے حرام کردیا ہے، سوائے اس کے کہ اسے حق کے ساتھ قتل کیا جائے۔‘‘
Flag Counter