Maktaba Wahhabi

33 - 608
جذبات تشکر میں سب سے پہلے کائنات کے خالق ومالک اللہ تعالیٰ کا شکر گذار ہوں کہ جس کی توفیق سے یہ اہم کام پایۂ تکمیل کو پہنچا ۔ یقینا یہ اسی کا فضل وکرم ہے کہ میں اِسے مکمل کرنے کے قابل ہوا ۔ فلہ الحمد کلہ أولا وآخرا ۔ اس کے بعد میں حدیث ( لَا یَشْکُرُ اللّٰہَ مَنْ لَّا یَشْکُرُ النَّاسَ ) کے تحت لجنۃ القارۃ الہندیۃ کے چیئرمین جناب فلاح خالد المطیری حفظہ اللہ کا شکر گذار ہوں جنھوں نے اِس کوہِ گراں کیلئے مجھ جیسے ناتواں اور ادنی سے طالب علم پر اعتماد کیا اور وقتا فوقتا میری ہمت افزائی کرتے رہے ۔ فجزاہ اللّٰه خیر الجزاء ۔ اسی طرح میں برادر محترم جناب مولانا عبد الخالق مدنی حفظہ اللہ کا بھی شکر گذار ہوں کہ جنھوں نے اِس کتاب کے متعدد خطبات پر نظر ثانی کی اور مفید مشوروں سے نوازا ۔ اِس کے علاوہ انھوں نے اپنی گونا گوں مصروفیات کے باوجود ’ زاد الخطیب ‘ کیلئے نہایت جامع اور مفید پیش لفظ تحریر کیا جس میں خطبۂ جمعہ ، خطیب اور جمہور کے متعلق اہم احکام ومسائل اور آداب وغیرہ قلم بند کئے ۔ اللہ تعالیٰ انھیں بھی جزائے خیر دے ۔ بڑی نا سپاسی ہو گی اگر میں ان حضرات کا شکر یہ ادا نہ کروں جنھوں نے اِس علمی سفر میں مجھ سے کسی بھی طرح سے تعاون کیا اور مفید مشوروں سے نوازا ۔ خصوصا جناب محمد انور سلفی صاحب جو لجنۃ میں ہمارے رفیق کار ہیں اور جنھوں نے اِس کتاب کے ابتدائی پانچ خطبات کی کمپیوٹر میں ٹائپنگ کی۔ اسی طرح وہ حضرات جنھوں نے پروف ریڈنگ کرنے اور اخطاء کی نشاندہی میں تعاون کیا ، خصوصا استاذ محترم جناب مولانا عبد الحی انصاری صاحب ، جناب مولانا عبد المنان سلفی صاحب ، جناب مولانا عبد المعین مدنی صاحب ۔ اللہ تعالیٰ سب حضرات کو جزائے خیر دے۔آمین ان حضرات کے علاوہ میں اُن قابل قدر علمائے کرام حفظہم اللہ کا بھی شکر گذار اور ممنون ہوں جنھوں نے میری درخواست پر زاد الخطیب کا اپنی شدید مصروفیات کے باوجود مطالعہ کیا اور اس کیلئے تقاریظ تحریر فرمائیں فجزاہم اللّٰه خیر الجزاء اسی طرح برادر محترم جناب عارف جاوید محمدی صاحب اور جناب طاہر محمود صاحب اور ان کے رفقائے کار کا بھی تہہ دل سے شکر گذار ہوں جنھوں نے اِس کتاب کی طباعت کیلئے تعاون کیا اور ہمیشہ اپنی دعاؤں میں شامل رکھا ۔ میں آخر میں اِس کتاب کے قارئین سے ایک اپیل کرنا چاہتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ اگر انھیں اِس کتاب سے کوئی فائدہ ہو تو وہ میرے لئے ، میرے والدین اور بیوی بچوں کیلئے اور اِس کتاب کی طباعت کا اہتمام کرنے والوں اور اس میں کسی بھی طرح سے تعاون کرنے والوں کیلئے دعائے خیر ضرور کریں ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی وناصر ہو اور ہمیں دنیا وآخرت کی تمام بھلائیاں نصیب فرمائے ۔ آمین حافظ محمد اسحاق زاہد ( عفا اللّٰه عنہ وعن والدیہ ) برائے رابطہ : ص ۔ب : ۱۱۴۷ السرۃ ۔ الکویت ۴۵۷۱۲
Flag Counter