Maktaba Wahhabi

81 - 89
فیصلہ فرمایا ہو ،البتہ میں لوگوں سے پوچھوں گا۔پھرحضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے دریافت فرمایا،تو ان میں سے بعض صحابہ رضی اللہ عنہم نے ان کے سامنے اس بات کی شہادت دی کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دادی کو چھٹا حصّہ(1/6)عطاء فرمایا ہے۔یہ شہادت مل جانے پر انہوں نے بھی دادی کے لیے یہی فیصلہ صادر فرمایا۔ (۳) حضرت عمرِ فاروق رضی اللہ عنہ اپنے عُمّال(گورنروں ،قاضیوں اور کارندوں ) کو یہ وصیّت فرمایا کرتے تھے کہ لوگوں میں کتاب اللہ کے مطابق فیصلہ کریں اور اگر کسی قضیہ(کیس) کی نصوص کتابُ اللہ میں موجود نہ ہوں تو فیصلہ کرنے کے لیے سنّتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو پیشِ نظر رکھیں ۔ (۴) جب املاص المرأۃ ’’یعنی کسی کا حاملہ عورت پر زیادتی کرنا جس سے اسکا حمل ساقط ہوجائے‘‘کے حکم میں حضرت عمرِ فاروق رضی اللہ عنہ کو اشکال ہوا تو انہوں نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے اس سلسلہ میں دریافت فرمایا،حضرت محمد بن مسلمہ اور حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہما نے ان کے پاس یہ شہادت دی کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے کیس میں زیادتی کرنے والے پر بطورِ حرجانہ ایک غلام یا ایک لونڈی دینے کا حکم فرمایا ہے تو حضرت فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے بھی یہی فیصلہ کیا۔ (۵) جب حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو ’’اعتدادالمرأۃ‘‘ کے حکم میں اشکال ہوا کہ وہ اپنے شوہر کی وفات کے بعد کب تک اُس گھر میں رہے؟ تو انھیں حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ کی بہن فریعہ بنت مالک بن سنان رضی اللہ عنہا نے خبر دی کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے حکم فرمایا تھاکہ نوشتۂ تقدیر کے اپنی اجل (مدت)کو پہنچنے تک اپنے شوہر کے گھر میں رہے۔یہ سن کرحضرت ذوالنّورین رضی اللہ عنہ نے بھی یہی فیصلہ صادر فرمایا۔ (۶) اسی طرح حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے ولید بن عقبہ پر شراب نوشی کی حد قائم کرنے میں سنّتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق فیصلہ کیا۔
Flag Counter