Maktaba Wahhabi

172 - 180
الخلاصۃ والخاتمۃ اللہ رب العالمین کا لاتعداد اور لامتناہی شکر ہے کہ جس نے مجھے توفیق دی کہ میں اس کتابچہ کو مکمل کر سکا اور اب انھیں سے فقیرانہ وعاجزانہ التجا ہے کہ اس کوشش کو قبول فرما کرمقبولِ انام بنائیں۔ (آمین) چنانچہ گذشتہ گفتگو کا خلاصہ مندرجہ ذیل نکات کی صورت میں پیش کرتے ہیں: ٭ ہر شخص اپنے حقوق کا رونا روتا ہے لیکن وہ قرآن مجید کے حقوق خود ادا کرنے سے بھاگتا ہے۔ جو اس کے تخلف وپریشانی اور تنزل کا اصل سبب ہے۔ ٭ قرآن مجید کا لغوی معنی کسی چیز کو جمع کرنا اورملانا ہے چنانچہ قرآن مجید ہی ایک ایسی کتاب ہے جو پورے عالم اسلام کو ایک اسٹیج پر جمع کر سکتی اورملاسکتی ہے اور تمام مشکلات کا حل پیش کر سکتی ہے لیکن کاش مسلمان اس کو سینے سے لگالیں۔ ٭ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی کلام ہے جو جبریل علیہ السلام کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر اترا جس کی ابتداء فاتحہ سے ہوتی ہے اور انتہاء سورۃ الناس پر ہوتی ہے جو مصاحف میں لکھی گئی اور اس کی تلاوت باعث اجر وثواب ہے۔ ٭ قرآن مجید اللہ کی طرف سے ایک رسی ہے اور منبع نور ہدایت اور مصدر اسلام ہے۔ ٭ قرآن مجید کی تلاوت جہاں باعث اجر وثواب ہے وہاں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ محبت کی دلیل ہے اور اس پر عمل بلندی اور اس سے انحراف تنزل کا باعث ہے۔ ٭ قرآن مجید زمین میں عزت کا باعث اور بہترین سفارشی اور اللہ تعالیٰ کی رضا اور تاج کرامت کا موجب اور قابل رشک نعمت اور اس کا پڑھنے والا پوری کائنات سے افضل ہے۔
Flag Counter