Maktaba Wahhabi

272 - 677
ہشام بن عروہ رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ عروہ سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہا کرتے تھے : ’’اے امی جان! مجھے آپ کی فہم و فراست پر کوئی تعجب نہیں کیونکہ مجھے معلوم ہے آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیوی اور سیّدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی بیٹی ہیں اور نہ ہی مجھے آپ کے شعر کے متعلق علم پر تعجب ہے اور نہ آپ کے اس علم پر مجھے تعجب ہے کہ آپ عربوں کی تاریخ و ثقافت سے واقف ہیں ۔ میں یہی کہوں گا کہ آخر کار آپ ابوبکر رضی اللہ عنہ کی بیٹی ہیں اور وہ سب سے زیادہ جاننے والے لوگوں میں سے تھے۔ لیکن مجھے علم الطب پر آپ کی دسترس پر تعجب ہوتا ہے۔ یہ کس طرح آپ تک پہنچا؟‘‘ بقول راوی سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے میرا کندھا تھپتھپایا اور فرمایا: ’’اے عریہ! [1] بے شک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آپ کی آخری عمر میں مختلف امراض نے گھیر لیا، تو ہر طرف سے آپ کے پاس عربوں کے وفد آتے جو آپ کے لیے مختلف علاج و ادویہ[2] تجویز کرتے اور میں آپ کو دوائیں دیتی[3] تو اس طرح مجھے علم طب کے بارے میں آگاہی ہوئی۔‘‘[4] یہ اس بات کی دلیل ہے کہ سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے تعلیم طب کے لیے کسی طبیب کی تعلیم یا کسی مدرب کی تدریب پر اعتماد نہیں کیا بلکہ انھوں نے اپنی فہم و ذکاء اور اپنے مشاہدے کو اپنی تعلیم کی بنیاد بنایا۔[5] عروہ رحمہ اللہ یہ بھی فرماتے ہیں : ’’میں نے فقہ، طب اور شعر میں عائشہ رضی اللہ عنہا سے بڑا کوئی عالم نہ دیکھا۔‘‘[6] ٭٭٭
Flag Counter