ا:مسجد کی طرف اُٹھنے والے قدموں کے نشانات کا تحریر کیا جانا:امام مسلم نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت نقل کی ہے،(کہ)انہوں نے بیان کیا:’’بنو سلِمہ [1]نے مسجد(نبوی)کے قریب منتقل ہونے کا ارادہ کیا۔انہوں نے بیان کیا:’’ اور(مسجد کے قرب میں)جگہیں خالی تھیں۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ(خبر)پہنچی،تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’یَا بَنِيْ سَلِمَۃَ! دِیَارَکُمْ تُکْتَبُ آثَارُکُمْ۔‘‘’’اے بنو سلِمہ! اپنے گھروں(ہی)میں رہو۔تمہارے(قدموں کے)نشانات قلم بند ہوتے ہیں۔‘‘سو انہوں نے کہا:’’مَا کَانَ یَسُرُّنَا أَنَّا کُنَّا تَحَوَّلْنَا۔‘‘[2] ’’ہمیں یہ پسند نہ تھا،کہ ہم منتقل ہوچکے ہوتے۔‘‘امام نووی حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں:’’مَعْنَاہُ:اِلْزَمُوْا دِیَارَکُمْ،فَإِنَّکُمْ إِذَا لَزِمْتُمُوْہَا کُتِبَتْ آثَارُکُمْ وَخُطَاکُمُ الْکَثِیْرَۃُ إِلَی الْمَسْجِدِ۔‘‘ [3]’’اس سے مراد یہ ہے:اپنے گھروں میں ٹکے رہو،کیونکہ ان میں ٹکے رہنے کی صورت میں مسجد کی طرف اُٹھنے والے تمہارے(قدموں کے)بہت سے نشانات لکھے جاتے ہیں۔‘‘